رسائی کے لنکس

امریکہ نے شامی صدر، حکومتی عہدیداران پر پابندیاں عائد کردیں


امریکہ نے شامی صدر، حکومتی عہدیداران پر پابندیاں عائد کردیں
امریکہ نے شامی صدر، حکومتی عہدیداران پر پابندیاں عائد کردیں

امریکہ نے شام کے صدر بشار الاسد پر شامی عوام کے حقوق پامال کرنے کے الزام میں پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کی جانب سے شامی صدر اور شام کے چھ دیگر اعلیٰ حکام کے امریکہ میں موجود تمام اثاثہ جات اور بینک کھاتے منجمد کیے جارہے ہیں۔

پابندیوں کے تحت امریکی شہریوں اور کمپنیوں کو بھی مذکورہ افراد کے ساتھ ہر قسم کے لین دین سے احتراز برتنے کا کہا گیا ہے۔

ادھر شام میں حکومتی فورسز کی جانب سے دارالحکومت دمشق کے جنوبی نواحی علاقوں دوما اور نوا اور مغربی قصبہ تلکالخ میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سرکاری فورسز کی جانب سے مذکورہ علاقوں میں جمع ہونے والے حکومت مخالف مظاہرین پر شیلنگ بھی کی گئی ہے۔

تلکالخ میں حکومت مخالفین کے خلاف فورسز کا کریک ڈائون گزشتہ کئی روز سے جاری ہے۔ انسانی حقوق کیلیے سرگرم تنظیموں کے مطابق علاقے میں گزشتہ ہفتے سے جاری کریک ڈائون کے دوران فورسز کے تشدد سے اب تک 27 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اس سے قبل بدھ کے روز صدر بشار الاسد نے سرکاری میڈیا سے گفتگو میں اعتراف کیا تھا کہ حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران سرکاری فورسز کی جانب سے غلطیوں کا ارتکاب کیا گیا ہے۔

تاہم شامی صدر نے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ حالیہ بحران پر قابو پانے میں کامیاب رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG