رسائی کے لنکس

ہولناک طوفان کے باجود وی او اے کی نشریات بلا تعطل جاری


وائس آف امریکہ کے ڈائریکٹر ڈیوڈ اینسر کے مطابق ریڈیو کا ہر شو بروقت نشر ہوا۔ ’’یہ ایک انتہائی غیر معمولی بات ہے کہ سینکڑوں شوز بغیر کسی تعطل کے نشر کیے گئے۔‘‘

امریکہ میں تاریخ کے ایک بڑے طوفان ’سینڈی‘ کی 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تندوتیزآندھیوں اور موسلا دھار بارش کے باعث واشنگٹن میں پیر اور منگل کو وفاقی حکومت سمیت ذرائع آمد و رفت کی بندش کے باوجود وائس آف امریکہ نے دنیا کی 43 زبانوں میں اپنی نشریات بغیر تعطل کے جاری رکھیں۔

ادارے سے منسلک صحافیوں، تکنیکی ماہرین اور دیگر معاون عملے نے معمول کے پروگرام بروقت اور بلاتعطل نشر کرنے کو یقینی بنانے کے لیے واشنگٹن ڈی سی میں وی او اے کے صدر دفتر کی عمارت میں صوفوں پر سو کر راتیں گزاریں۔

انگریزی شاخ کے چیف ٹیری ونگ نے کہا کہ اسٹاف کے لیے عمومی حالات آرام دہ نہ تھے مگراس کے باوجود وہ اپنے فرائض انتہائی مہارت سے سرانجام دیتے رہے۔

’’کچھ ساتھی پیر کو صُبح سویرے دفتر آئے جن میں سے بعض نے مسلسل 30 گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ کام کیا۔‘‘

وی اواے کے ڈائریکٹر ڈیوڈ اینسر کے مطابق ریڈیو کا ہر شو بروقت نشر ہوا۔ ’’یہ ایک انتہائی غیر معمولی بات ہے کہ سینکڑوں شوز بغیر کسی تعطل کے نشر کیے گئے۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ بیرون ملک شراکت داروں کے توسط سے غیر ملکی زبانوں میں نشرکیے جانے والے ریڈیو اور ٹی وی پروگراموں میں مستقل طور پر تازہ ترین صورت حال سے لوگوں کو آگاہ کیا جاتا رہا۔

وائس آف امریکہ کے واشنگٹن میں ہیڈکوارٹرسے ہرہفتے 1700 گھنٹوں سے زائد کے ریڈیو اور ٹی وی پروگرام دنیا بھرمیں نشرکیے جاتے ہیں۔ یہ پروگرام سیٹلائٹ، کیبل، شارٹ ویوز، میڈیم ویوز، ایف ایم، انٹرنیٹ اور دنیا بھر میں شراکت داروں کے توسط سے نشر کیے جاتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG