رسائی کے لنکس

’منا بھائی‘ کی سزا معاف، اگلے ماہ رہا ہوجائیں گے


سنجے دت کو 2013ء میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ تاہم، ان کے اچھے سلوک کے سبب مہاراشٹر حکومت کی جانب سے ان کی باقی ماندہ سزا معاف کرتے ہوئے انہیں فروری میں رہا کردیا جائے گا

بالی ووڈ فلموں کے ’کھلنائیک‘ اور ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘۔۔۔یعنی سنجے دت پر مہاراشٹر کی ریاستی حکومت کو ان کے اچھے سلوک کے سبب ان پر رحم آگیا ہے جس کے عوض انہیں 27 فروری کو رہا کئے جانے کا فیصلہ ہوگیا ہے۔

بھارت کے ایک ممتاز اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے رپورٹ دی ہے کہ سنجے دت کو 2013ء میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ تاہم، ان کے اچھے سلوک کے سبب مہاراشٹر حکومت کی جانب سے ان کی باقی ماندہ سزا معاف کرتے ہوئے انہیں فروری میں رہا کردیا جائے گا۔

سنجے پر سنہ 1993 کے ممبئی بم دھماکوں کا الزام درست ثابت ہونے پر سپریم کورٹ نے مارچ 2013ء میں پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔ تاہم، سنجے نے 16 مئی 2013ء کو گرفتاری پیش کی تھی۔

اس دوران انہیں کبھی آرتھر روڈ کی سینٹرل جیل میں رکھا گیا تو کبھی یروڈا جیل منتقل کیا گیا، جبکہ بیچ بیچ میں انہیں کئی مرتبہ تھوڑی تھوڑی مدت کے لئے پے رول پر رہا بھی کیا گیا۔

ایک دفعہ گھٹنے کا علاج کروانے کی غرض سے اور دوسری مرتبہ اسپتال میں داخل اپنی اہلیہ کی تیمارداری اور بچوں کی دیکھ بھال جیسے مواقع پر ایسی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔

سنجے جیل اپنے اچھے رویے کے سبب جیل انتظامیہ کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے جس کے بعد ان کی سزا میں کمی کا فیصلہ کیا گیا۔

فلمی اور غیر فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے حکومت سے ان کی رہائی کے لئے گاہے بگاہے سفارش بھی کی تھی۔

XS
SM
MD
LG