رسائی کے لنکس

سارہ علی اور ’کیدار ناتھ‘ کے چرچے ریلیز سے پہلے ہی عام


سارہ علی خان
سارہ علی خان

فلم میں سارہ کے ہیرو سشانت سنگھ راجپوت ہیں۔ ان کا کہنا ہے ’کیدار ناتھ‘ کی شوٹنگ کے دوران سارہ نے اتنا اچھا اور محنت سے کام کیا کہ مجھے ہر وقت الرٹ رہنا پڑا۔

بالی وڈ کے نواب سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کی پہلی فلم ’کیدار ناتھ‘ ابھی ریلیز بھی نہیں ہوئی کہ سارہ کے چرچے عام ہوگئے۔ وہ اپنے لکس اور اسٹائل پر اپنی سوتیلی والدہ کرینہ کپور سمیت سب کی تعریفیں سمیٹنے میں مصروف ہیں۔

ممبئی میں ’لکس گولڈن روز ایوارڈز 2018‘ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ سارہ کی پہلی فلم کیدار ناتھ سپر ہٹ ہوگی۔ فلم کے علاوہ بھی سارہ پیدائشی اسٹار ہے۔

ٹی وی پروگرام ’کافی ود کرن‘ میں سارہ علی خان اور سیف علی خان کی شرکت اور سارہ کے بولڈ جوابات پر کرینہ نے کہا، "سب ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ یہ کافی ود کرن کے نئے سیزن کا سب سے ہٹ ایپی سوڈ تھا۔ یہ اصل میں ’بیوٹی اینڈ برین‘ (خوبصورتی اور ذہانت) کا امتزاج تھا۔"

ٹوئٹر پر بھی صارفین کی بڑی تعداد نے اپنی بیماری سے متعلق کر کھل کر بات کرنے پر سارہ علی خان کو بہت سراہا ہے۔

سارہ علی خان نے فلم ’کیدارناتھ‘ میں ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جو 2013ء میں ہمالیہ کی وادی میں بنے ایک مندر میں پھنس جاتی ہے اور جہاں ایک مسلمان لڑکے سے اسے محبت ہوجاتی ہے۔

فلم میں سارہ کے ہیرو سشانت سنگھ راجپوت ہیں۔ ان کا کہنا ہے ’کیدار ناتھ‘ کی شوٹنگ کے دوران سارہ نے اتنا اچھا اور محنت سے کام کیا کہ مجھے ہر وقت الرٹ رہنا پڑا۔

سارہ علی خان نے سشانت سنگھ کو اپنا ہندی ٹیچر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیٹ پر سشانت نے صحیح ہندی بولنے میں بہت مدد کی۔

’کیدار ناتھ‘ کا گانا ریلیز ہونے کے بعد سری دیوی کی بیٹی اور سارہ ہی کی طرح بالی وڈ میں اپنا ڈیبیو کرنے والی جھانوی کپور نے بھی سارہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سارہ کے لکس اور اسٹائل زبردست ہیں۔ سارہ کو مجھ سے کچھ سیکھنے کی ضرورت نہیں۔

کیدار ناتھ پر تنازع بھی اٹھ کھڑا ہوا ہے۔ بھارت کی حکمراں جماعت 'بی جے پی' کے رہنما اجیندر اجے نے فلم کو ’لو جہاد‘ کی پروموشن قرار دیتے ہوئے فلم پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ تنازع کیا صورت اختیار کرتا ہے، یہ تو آنے والا وقت بتائے گا۔ لیکن یہ نوٹ کرلیں کہ ’کیدار ناتھ‘ 7 دسمبر کو ریلیز ہوگی۔

XS
SM
MD
LG