رسائی کے لنکس

بلوچستان: سرفراز بگٹی بم دھماکے میں بال بال بچ گئے


صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی
صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی

حکام کے مطابق دھماکے سے سرفراز بگٹی کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم گاڑی بلٹ پروف ہونے کے باعث صوبائی وزیر داخلہ اور اُن کے ہمراہ گاڑی میں سوار دیگر افراد محفوظ رہے۔

بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے قافلے کو جمعہ کو سڑک میں نصب ایک بم سے نشانہ بنایا گیا، تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

ضلع ڈیرہ بگٹی کے لیویز حکام کے مطابق میر سرفراز بگٹی صوبائی دارالحکومت سے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑھ جا رہے تھے کہ سڑک کے کنارے نصب کیے گئے ایک دیسی ساخت کے بم سے اُن کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

حکام کے مطابق دھماکے سے سرفراز بگٹی کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم گاڑی بلٹ پروف ہونے کے باعث صوبائی وزیر داخلہ اور اُن کے ہمراہ گاڑی میں سوار دیگر افراد محفوظ رہے۔

حکام کے بقول میر سر فراز بگٹی کا قافلہ 8 گاڑیوں پر مشتمل تھا، جن میں اُن کے محافظ اور دیگر لوگ سوار تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

میر سر فراز بگٹی کا تعلق قدرتی گیس کے ذخائر سے مالامال بلوچستان کے ضلع ڈیر ہ بگٹی سے ہے۔

سرفراز بگٹی نے گزشتہ سال اسمبلی کے سیشن کے دوران یہ بات بتائی تھی کہ بعض ریاست مخالف عناصر اُن کو دھمکیاں دے رہے ہیں اس لیے اُن کی سیکورٹی میں اضافہ کیا جائے جس کے بعد صوبائی حکومت نے اُنھیں بُلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کے ساتھ اُن کے محافظوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا تھا۔

بلوچستان میں کئی ماہ تک خاموشی رہنے کے بعد ایک بار پھر تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ رواں ماہ کے دوران سیکورٹی فورسز پر تین حملے ہوئے ہیں جن میں پولیس کے 17 اور فرنٹئیر کور کے 7 اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG