رسائی کے لنکس

سعودی عرب کی جانب سے غیر ملکیوں کو عمرے کی اجازت، لیکن شرائط کیا ہوں گی؟


سعودی عرب نے کرونا کی ویکسین لگوانے والے غیر ملکی زائرین کو نو اگست سے عمرے کی اجازت دے دی ہے۔

البتہ پاکستان سمیت نو ممالک سے آنے والے زائرین کو کسی تیسرے ملک میں 14 روزہ قرنطینہ کے بعد سعودی عرب میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

سعودی اخبار ’سعودی گزٹ‘ کے مطابق سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ کے رکن ہانی علی الامیری کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر عمرے کے خواہش مند افراد 30 الیکٹرانک سائٹس اور منظور شدہ کمپنیوں کے ذریعے عمرہ پیکج حاصل کر سکتے ہیں۔

حج و عمرہ کمیٹی کے رکن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمرے کے ویزے کے لیے صرف وہی افراد رجوع کرسکتے ہیں جو کرونا کی ویکسین مکمل طور پر لگوا چکے ہوں۔

علاوہ ازیں عمرے کے خواہش مند افراد کی صحت بہترین حالت میں ہونے کی بھی شرط رکھی گئی ہے اور انہیں احتیاطی تدابیر کے لیے بنائے گئے پروٹوکول پر عمل درآمد بھی کرنا ہوگا۔

ہانی علی الامیری کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ کے منظور شدہ مقامی اور عالمی بکنگ پلیٹ فورمز سے ’بزنس ٹو بزنس‘ گروپ سسٹم یا ’بزنس ٹو کنزیومر‘ انفرادی سسٹم کے تحت خدمات اور پیکجز دستیاب ہیں جب کہ سعودی کمپنیاں رہائش، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر خدمات کے پیکج فراہم کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زائرین عمرے کے لیے الیکٹرانک پلیٹ فورمز سے سروس کمپنی کا انتخاب کرکے دستیاب پروازوں، ٹرانسپورٹیشن ، ہوٹلز اور کھانے پینے کے مکمل پروگرام بھی خرید سکتے ہیں۔

سعودی عرب میں خواتین سیکیورٹی گارڈز
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:19 0:00

ہانی علی الامیری ںے بتایا کہ 500 عمرہ سروس کمپنیاں اور چھ ہزار عمرہ ایجنٹس نے نو اگست سے ویکسین لگوانے والے زائرین کو خدمات فراہم کرنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ نو اگست (یکم محرم) سے غیر ملکی زائرین کو عمرے کی اجازت دے دی جائے گی۔

واضح رہے حج کے بعد گزشتہ روز سے مقامی سطح پر عمرے کا آغاز ہو گیا ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی زائرین کو کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ مسجد حرام کے مخصوص دراوزوں سے داخلے کی اجازت دی گئی تھی اور اس کے علاوہ دیگر احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی گئی ہیں۔

براہ راست پروازیں اور قرنطینہ کی شرائط

حج وعمرہ اور مسجد حرام اور مسجد نبوی سے متعلق خبریں فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق نو ممالک کے سوا دیگر دنیا سے عمرے کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت ہو گی۔

بھارت، پاکستان، انڈونیشیا، مصر، ترکی، ارجنٹائن، برازیل، جنوبی افریقہ اور لبنان کے زائرین کو کسی تیسرے ملک میں 14 روز کا قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد عمرے کے لیے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

ویب سائٹ کے مطابق زائرین کے لیے فائز، موڈرنا، آسٹرازینیکا یا جانسن اینڈ جانسن کی تیار کردہ ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوانا ضروری ہو گا۔

جب کہ چینی ویکسین لگوانے والوں کے لیے فائزر، موڈرنا، آسٹرازینیکا یا جانسن اینڈ جانسن میں سے کسی ایک کا بوسٹر ڈوز لگوانا ضروری ہوگا۔

اس کے علاوہ عمرے کے لیے سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی منظور شدہ ایجنسی کے ذریعے رجوع کرنا ہو گا۔

XS
SM
MD
LG