رسائی کے لنکس

ایبولا سے متاثرہ افریقی ممالک کے عازمین حج پر پابندی


سعودی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق، ملک کے تمام ایئرپورٹس اور بندرگاہوں پر حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کرلی گئی ہیں، تاکہ ابیولا وائرس سے بچا جا سکے

سعودی عرب نے سیرالیون، لائبیریا اور گنی کے شہریوں پر حج اور عمرہ کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی ان ممالک میں ابیولا وائرس کے وبائی شکل اختیار کر جانے کے بعد عائد کی گئی۔

سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان، ڈاکٹر خالد مرگہالانی کے مطابق ملک کے تمام ایئرپورٹس اور بندرگاہوں پرحفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کرلی گئی ہیں، تاکہ ابیولا وائرس سے بچا جا سکے۔

ایئرپورٹس اور بندرگاہوں پر موجود عملے کو ابیولا وائرس سے نمٹنے کے لئے خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے، تاکہ ابیولا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

سعودی عرب میں مقیم سینئر صحافی، شاہد نعیم نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا ’وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمین حج اور زائرین کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔ اس طرح متاثرہ ملکوں کے شہریوں کو اس سال حج اور عمرے کے ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے۔

ادھر ’بزنس عربیہ‘ کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پھیلنے والے مڈل ایسٹ ریسپائیرٹری سنڈروم (ایم ای آر ایس یا ’مرس‘ )کی وجہ سے اس سال حج اور عمرہ سیزن کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

اس مرض سے اب تک 300سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

حج سیزن کے علاوہ ابیولا سے متاثرہ مغربی افریقہ کے تین ملکوں سے کوئی براہ راست پرواز سعودی عرب نہیں آتی۔ بہت سی انٹرنیشنل ایئرلائنز نے جن میں دبئی کی ایمریٹس ایئرلائنز بھی شامل ہے، اس نے لائبیریا، سیرالیون اور گنی کے لئے فلائٹس بند کردی ہیں، جبکہ بہت سے ملکوں نے ان تینوں ممالک کے شہریوں کی ایئرپورٹس پر اسکریننگ کے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔

ابیولا وائرس سے اب تک 800سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG