رسائی کے لنکس

سعودی عرب کی جانب سے جنرل باجوہ کے لیے 'آرڈر آف شاہ عبدالعزیز' کا اعزاز


سعودی عرب نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو 'آرڈر آف شاہ عبدالعزیز' ایوارڈ سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کو مستحکم کرنے اور دفاع تعاون میں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق پاکستان کےچیف آف دی آرمی اسٹاف جنرل باجوہ کو " کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ" نامی ایوارڈ سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سفارش پر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ہفتے کو جدہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو یہ اعزاز دیا ۔

اس موقع پر سعودی عرب کے نائب وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور سعودی عرب کے چیف آ ف دی جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے اس ملاقات کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کی محمد بن سلمان سے ہونے والی ملاقات میں دفاع اور سیکیورٹی اُمور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق ، آرمی چیف نے محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہےاور مسلم اُمہ میں سعودی عرب کے اہم مقام کا اعتراف کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے ایئر ڈیفنس، انسدادِ دہشت گردی اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو یہ اعزاز ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنی ٹویٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ کو یہ اعزاز ملنا پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے آرمی چیف سرکاری دورے پر ہفتے کو سعودی عرب پہنچے تھے۔

XS
SM
MD
LG