رسائی کے لنکس

سعودی عرب بنیاد پرست مساجد کی فنڈنگ بند کرے، جرمن وزیر


فائل
فائل

وائس چانسلر سگمار گیبریئل نے کہا کہ جرمنی میں خطرناک سمجھے جانے والے کئی اسلام پسند انہی مساجد سے نکلے ہیں جو سعودی حکومت کے چندے سے چل رہی تھیں۔

جرمن حکومت کے ایک سینئر وزیر نے الزام عائد کیا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت دنیا بھرمیں بنیاد پرستی پھیلانے والی مساجد کو مالی اعانت دے رہی ہے۔

ایک جرمن اخبار میں اتوار کو شائع ہونے والے انٹرویو میں وائس چانسلر سگمار گیبریئل نے کہا کہ سعودی عرب دنیا بھر میں "وہابی" مساجد کو فنڈز دیتا ہے جس کے نتیجے میں مغربی ملکوں کی سلامتی کے لیے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی میں خطرناک سمجھے جانے والے کئی اسلام پسند انہی مساجد سے نکلے ہیں جو سعودی حکومت کے چندے سے چل رہی تھیں۔

اپنے انٹرویو میں سگمار گیبریئل نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ یورپی حکام سعودیوں پر یہ واضح کردیں کہ اب انہیں یہ سلسلہ بند کرنا ہوگا۔

جرمن وائس چانسلر کے اس بیان سے ایک ہفتہ قبل جرمنی کی انٹیلی جنس ایجنسی نے اپنی ایک رپورٹ میں سعودی عرب کی خارجہ پالیسی کو یورپ میں پھیلنے والی شدت پسندی کی ایک بڑی وجہ قرار دیا تھا۔ لیکن جرمن حکومت نے یہ رپورٹ مسترد کردی تھی۔
گزشتہ ماہ پیرس میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد سے یورپی حکومتوں نے اپنے ہاں آباد مسلمانوں اورمساجد کی نگرانی سخت کردی ہے جس پر یورپ میں مقیم مسلمان خدشات کا شکار ہیں۔

بعض یورپی ممالک میں شدت پسندی کو ہوا دینے کے الزام میں چند مساجد بند بھی کی گئی ہیں جب کہ بعض جگہوں پر مساجد کو سرکاری کنٹرول میں لانے کے لیے اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG