رسائی کے لنکس

پاکستان کے لیے کرونا سے پہلے کا حج کوٹہ بحال، 65 برس کی شرط بھی ختم


پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال کردیا ہے جب کہ 65 سال عمر کی حد کو بھی ختم کردیا ہے۔

وزارتِ مذہبی امور نے پیر کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ سعودی حکام کی جانب سے وزیرِ مذہبی امور مفتی عبدالشکور کو سالانہ حج کا مسودہ موصول ہوگیا ہے۔

اس مسودے کے تحت حج کے لیے پاکستان کا پرانا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 بحال کردیا گیا ہے۔ اسی طرح 65 سال کی حد کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کرونا پابندیوں کے باعث 2022 میں حج کے لیے پاکستان کا کوٹہ 81 ہزار 132 عازمین تک محدود کردیا گیا تھا۔

وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 2023 کی حج پالیسی کا اعلان کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا جب کہ حج درخواستیں فروری کے آخر تک طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

وباسے پہلے کی طرح حج کی ادائیگی ہوسکے گی: سعودی عرب

دوسری جانب سعودی حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال زائرین کا حج کوٹہ کووڈ 19 سے پہلے کی طرح کا ہوگا۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق پیر کی رات جدہ میں حج سے متعلق ایک کانفرنس میں سعودی عرب کے وزیرِ حج اور عمرہ توفیق بن فوزان الربیعہ نے کرونا پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کیا۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے 'ایس پی اے' کے مطابق توفیق بن فوزان نے کہا کہ وہ دو اچھی خبریں لے کر آئے ہیں۔ پہلی یہ کہ زائرین کی کرونا سے پہلے کی تعداد بحال کردی گئی ہے اور اس میں کسی قسم کی عمر کی پابندی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دوسری خبر یہ ہے کہ دنیا بھر کے کسی بھی حج مشن کو کسی بھی لائسنس یافتہ کمپنی سے معاہدے کی اجازت ہو گی جو ان ممالک کے عازمین کی ضروریات کو پورا کرسکے۔

خیال رہے کہ کرونا پابندیوں کے دوران ہی سعودی عرب نے حج کے لیے عمر کی حد کو بھی 18 سے 65 سال کے درمیان کردیا تھا۔ اسی کے ساتھ سعودی عرب نے حج کے سفری انتظامات کرنے والی نجی کمپنیوں کی تعداد بھی محدود کر دی تھی۔

حج دنیا کے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک ہے۔ کرونا وبا کے آغاز سے قبل ہر سال لگ بھگ 25 لاکھ افراد دنیا بھر سے حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کا رخ کرتے تھے۔

تاہم کرونا نے جہاں بڑے اجتماعات کو متاثر کیا وہیں حج پر بھی اس کا اثر پڑا۔ 2020 میں کرونا وبا کے باعث لگنے والی پابندیوں نے عازمین حج کی تعداد کو محدود کردیا اور صرف سعودی عرب کے ایک ہزار رہائشیوں نے حج کیا تھا۔

بعد ازاں 2021 میں سعودی عرب میں موجود لگ بھگ 60 ہزار افراد حج کرسکے تھے۔ البتہ 2022 میں اس تعداد کو بڑھا دیا گیا تھا اور دنیا بھر سے 10 لاکھ کے قریب افراد کو حج کی اجازت دی گئی۔

حج اسلامی مہینے ذی الحج میں ادا کیا جاتا ہے اور اس کے مناسک کا آغاز آٹھ ذی الحج سے ہوجاتا ہے۔ رواں سال جون میں حج ادا کیا جائے گا۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG