رسائی کے لنکس

چار ممالک کا تیل کی پیداواری سطح منجمد کرنے پر اتفاق


سعودی عرب میں تیل کا ایک کنواں
سعودی عرب میں تیل کا ایک کنواں

روس، سعودی عرب، وینیزویلا اور قطر کے تیل کے وزرا نے منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحا میں بند کمرے میں ایک معاہدے پر اتفاق کیا جس کے تحت یہ ممالک اپنی پیداوار جنوری کی سطح پر منجمد کر دیں گے۔

دنیا میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والے چار ممالک نے عالمی منڈی میں فاضل تیل کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اپنی پیداواری سطح منجمد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

روس، سعودی عرب، وینیزویلا اور قطر کے تیل کے وزرا نے منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحا میں بند کمرے میں ایک معاہدے پر اتفاق کیا جس کے تحت یہ ممالک اپنی پیداوار جنوری کی سطح پر منجمد کر دیں گے جو سعودی عرب کے وزیرِ تیل کے بقول ’’کافی‘‘ ہے۔

یہ اجلاس اس بات کا اشارہ ہے کہ اوپیک ارکان سمیت تیل پیدا کرنے والے ممالک بالآخر اپنی پیداوار کو کم کرنے پر آمادہ ہو جائیں گے تاکہ 19 ماہ سے تیل کی کم ہوتی ہوئی قیمت سے نمٹا جا سکے جو ایک دہائی میں پہلی مرتبہ 30 ڈالر فی بیرل کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔

تیل کی گرتی ہوئی طلب کے علاوہ دیگر عوامل نے روس، سعودی عرب اور وینیزویلا کی حکومتوں کے بجٹ کو نچوڑ دیا ہے۔

منگل کو پیداوار کم کرنے کے معاہدے کی توقع کے باعث تیل کی قیمت میں صرف 35 ڈالر فی بیرل کے حساب سے اضافہ ہوا ہے مگر جب پیدوارای سطح منجمد کرنے کا اعلان کیا گیا تو قیمت کم ہو کر 34 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

مبصرین کا اندازہ ہے کہ تیل کی قیمتیں 20 ڈالر فی بیرل کی سطح تک گر جائیں گی جس کے بعد ان میں بحالی آئے گی۔

XS
SM
MD
LG