رسائی کے لنکس

سعودی عرب پاکستان کو 12 کروڑ 20 لاکھ ڈالر امداد دے گا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

معاہدے کے تحت چھ کروڑ ستر لاکھ ڈالر بطور گرانٹ دیے جائیں گے جبکہ باقی قرض کے طور پر دیے جائیں گے۔

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان جمعرات کو اقتصادی امداد کے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے جس کے تحت پاکستان کو 12 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی جائے گی۔

اس معاہدے پر ایسے وقت دستخط کیے گئے جب وزیراعظم نواز شریف اور فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سعودی عرب میں کثیر ملکی ’رعد الشمال‘ نامی فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شریک تھے۔

معاہدے کے تحت چھ کروڑ ستر لاکھ ڈالر بطور گرانٹ دیے جائیں گے جبکہ باقی قرض کے طور پر دیے جائیں گے۔ اس سے قبل 2013-14 میں سعودی عرب نے پاکستان کو 1.5 ارب ڈالر تحفتاً دیے تھے مگر اس سلسلے میں کسی معاہدے پر دستخط نہیں کیے گئے۔

اس موقع پر اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری طارق باجوہ اور سعودی ترقیاتی فنڈ کے وائس چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر یوسف ابراہیم الباسم نے چھ کروڑ ستر لاکھ ڈالر گرانٹ کے پانچ جبکہ پانچ کروڑ پچاس لاکھ ڈالر قرض کے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی موجود تھے۔

اس گرانٹ سے اسلام آباد میں ایک ہوم اکنامکس مینجمنٹ سائنس کالج، اسلام آباد جنرل اسپتال اور بلوچستان میں زلزلے سے متاثرین کے گھر تعمیر کیے جائیں گے اور ان روزگار کی بحالی کے اقدامات کیے جائیں گے۔

قرض کی رقم سے مظفرآباد میں چیلا بنڈی پتیکا روڈ پر دو سرنگیں تعمیر کی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG