رسائی کے لنکس

سعودی عرب یمن میں شہریوں کو نقصان سے بچانے کی واضح کوشش کر رہا ہے: پومپیو


یمن کے جنوبی شہر تیز میں سعودی جہازوں کی بمباری سے تباہ ہونے والی ایک عمارت۔ فائل
یمن کے جنوبی شہر تیز میں سعودی جہازوں کی بمباری سے تباہ ہونے والی ایک عمارت۔ فائل

امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کانگریس کو اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات یمن کی جنگ میں شہریوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اس تصدیق سے امریکہ کیلئے سعودی عرب کی مدد جاری رکھنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ اُنہوں نے منگل کے روز کانگریس میں اس بات کی تصدیق کر دی کہ یہ دونوں ممالک واضح طور پر ایسے اقدامات اُٹھا رہے ہیں جن سے ان کی فوجوں کے یمن میں آپریشن کے دوران شہریوں کو نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔

تین سال سے یمن میں جاری اس لڑائی کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ یہ علاقے میں موجود متحارب ممالک سعودی عرب اور ایران کے درمیان ’پراکسی وار‘ ہے۔ لہذا، امریکی کانگریس کے بعض ارکان اس لڑائی میں عام شہریوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

اُنہوں نے سعودی عرب کی حمایت جاری رکھنے کیلئے وزیر خارجہ مائک پومپیو کی طرف سے یہ تصدیق کرنے کیلئے آج بدھ کے روز کی حتمی تاریخ مقرر کر رکھی تھی کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات یمن کی لڑائی میں عام شہریوں اور شہری زیریں ڈھانچے کو کسی قسم کے ممکنہ نقصان سے بچانے کیلئے واضح اقدامات اختیار کر رہے ہیں۔

اس تصدیق کے بغیر امریکی قانون اتحادی ملک سعودی عرب کے جہازوں میں ایندھن بھرنے سے منع کرتا ہے۔

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے وزیر خارجہ مائک پومپیو کی طرف سے اس تصدیق کی حمایت کی ہے۔

یمن میں جاری لڑائی میں یمن کے جنوبی علاقے پر اختیار رکھنے والے ملک کے صدر عبدالربو منصور ہادی کی حکومت کا مقابلہ شمالی علاقے پر قابض حوثیوں کے ساتھ ہے جو دارالحکومت صنعا پر بھی قابض ہیں۔ صدر ہادی کی فوجوں کی مدد سعودی عرب کر رہا ہے جبکہ حوثیوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG