رسائی کے لنکس

اسلام آباد میں ایک سعودی کیڈٹ مردہ پایا گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

محمد ریاض کا کہنا ہے کہ متوفی فواد کے ایک ساتھی ان کو جب اسپتال میں لائے تو وہ اس وقت مردہ حالت میں تھا۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سعودی عرب کے ایک شہری کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ فوج میں زیر تربیت ایک کیڈٹ کی ہے۔

پولیس کے مطابق متوفی پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں تربیت حاصل کر رہا تھا اور اختتام ہفتہ وہ اسلام آباد میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ایک گیسٹ ہاؤس میں آ کر ٹھہرا۔

مقامی پولیس کے ایک اہلکار محمد ریاض نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ انہیں اطلاع ملی کہ ایک شخص کو مردہ حالت میں اسلام آباد کے بڑے سرکاری اسپتال پمز میں لایا گیا ہے جس کی شناخت بعد میں فواد کے نام سے ہوئی ہے جو سعودی عرب کا شہری ہے۔

متوفی کی عمر لگ بھگ 24 سال بتائی جاتی ہے۔

محمد ریاض کا کہنا ہے کہ متوفی فواد کے ایک ساتھی ان کو جب اسپتال میں لائے تو وہ اس وقت مردہ حالت میں تھا۔

پولیس نے اس واقعہ کی رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

تاہم پولیس عہدیدار کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ان کے موت کے متعلق اصل حقائق معلوم ہو سکیں گے۔

ادھر مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی سفارتی عملے نے متوفی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے سے منع کرتے ہوئے لاش کو لواحقین کے آنے تک اسپتال میں ہی رکھنے کا کہا ہے۔

XS
SM
MD
LG