رسائی کے لنکس

سعودی بادشاہ امریکہ میں ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے


سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز
سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز

بادشاہ سلمان کی اس سربراہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے ان کی صدر اوباما کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں طے شدہ ملاقات بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن الجبیر نے کہا کہ بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اس ہفتے صدر براک اوباما کی میزبانی میں امریکہ اور عرب رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔

اس اہم اجلاس میں اب بادشاہ سلمان اپنی جگہ ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف کو بھیجیں گے۔

بادشاہ سلمان کی اس سربراہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے ان کی صدر اوباما کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں طے شدہ ملاقات بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

اس اجلاس کا آغاز بدھ کو خلیج تعاون کونسل کے وفود کی وائٹ ہاؤس میں صدر اوباما سے ملاقات سے ہو گا اور بعد میں خلیجی ممالک کے رہنما کمیپ ڈیویڈ جائیں گے جہاں وہ صدر اوباما سے بات چیت کریں گے۔

یہ اجلاس ایسے وقت ہو رہا ہے جب سعودی عرب کے ہمسایہ ملک یمن میں پانچ روزہ جنگی بندی کے اعلان کے بعد انسانی ہمدردی کی امدادی کوششیں ہو رہی ہیں۔

یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں کی گئی۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان ایرک شلٹز نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس اجلاس میں خلیجی ممالک کے ساتھ سلامتی کے معاملات میں بڑھتا ہوا تعاون اور عراق، شام، لیبیا اور یمن کے تنازعات سے متعلق مشترکہ لائحہ عمل کی تلاش کرنا ہے۔

ایران کےجوہری پروگرام کے متعلق جاری بات چیت اور اس حوالے سے خلیجی ممالک کی تشویش بھی اس بات چیت کا حصہ ہے۔

خلیجی ممالک کو تشویش ہے کہ ایران (اقتصادی) پابندیوں سے آزادی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت بھی حاصل کر لے گا۔

XS
SM
MD
LG