رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، ثناء میر اور عائشہ ذمہ دار قرار: رپورٹ


رپورٹ میں ہیڈ کوچ نے کپتان اور منیجر کو تبدیل کرنے، ورلڈ کپ کے لئے نئی کپتان کے تقرر کے ساتھ نئی کھلاڑیوں کی تلاش پر زور دیا ہے۔

ورلڈ کپ میں قومی وویمنز کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کی ذمہ دار کپتان ثناء میر، منیجر عائشہ اشعر اور بعض سینئر کھلاڑیوں کی ’گٹھ جوڑ‘ کو شکست کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق، ٹیم کے کوچ صبیح اظہر نے اس حوالے سے ایک رپورٹ تیار کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کپتان ثناء میر کی توجہ ٹیم سے زیادہ اپنی کارکردگی پر مرکوز رہی اور وہ قریبی کھلاڑیوں پر ضرورت سے زیادہ مہربان تھیں۔

ادھر طویل عرصے سے ٹیم کی منیجر عائشہ اشعر کی زیادہ تر توجہ سینئر کھلاڑیوں ثناء میر، جویریا خان اور نین عابدی پر تھی اور نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ رویہ سرد مہری کا تھا۔

چودہ صفحات پر مشتمل رپورٹ میں کئی سفارشات بھی دی گئی ہیں جن میں سب سے زیادہ اہم عمر رسیدہ کھلاڑیوں کو ہٹانے اور نئے منیجر کی تقرری سے متعلق ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر تین، چار کھلاڑی اور منیجر قومی ٹیم کے ساتھ رہے تو کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری کا کوئی چانس نہیں۔ جونیئر کھلاڑیوں کو اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر ان پر تنقید کی جائے گی اور منفی ریمارکس دیئے جائیں گے تو ان کا اعتماد بری طرح متاثر ہوگا،پھر ہمیں پاکستان میں وویمنز کرکٹ کے فروغ کو بھول جانا چاہئے۔

رپورٹ کے مطابق، کپتان کا انداز منفی تھا۔ انہوں نے کئی مرتبہ ٹیم اجلاسوں کے دوران کھلاڑیوں میں خوف پیدا کیا، وہ اچھی کارکردگی کیلئے اپنی کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کے بجائے مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کی تعریف کرتیں جس سے ان کے اعتماد کو نقصان پہنچا اور وہ میچز کے دوران اپنا نیچرل گیم نہ کھیل سکیں۔

رپورٹ میں ہیڈ کوچ نے کپتان اور منیجر کو تبدیل کرنے، ورلڈ کپ کے لئے نئی کپتان کے تقرر کے ساتھ نئی کھلاڑیوں کی تلاش پر زور دیا ہے۔

رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ جب بھی ہیڈ کوچ کا تقرر کیا جائے اسے باصلاحیت و قابل اعتماد کوچنگ اور سپورٹ اسٹاف کی ٹیم منتخب کرنے کا موقع دینا چاہئے۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ہمارے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر نہیں ہے۔ اگر ہم وومن کرکٹ ٹیم بیرون ملک بھیج کر ان کی ڈومیسٹک کرکٹ کھلائیں گے تو یہ بہت زیادہ مفید ثابت ہوگی۔

رپورٹ میں ویمن کرکٹ کا معیار بہتر بنانے کیلئے وویمنز سپر لیگ کے انعقاد کی بھی سفارش کی گئی۔ جی ایم ویمنز ونگ شمسہ ہاشمی کے مطابق، کوچ کی رپورٹ پی سی بی کو بھجوا دی ہے، جس کا کا جائزہ لیکر انتظامیہ مستقبل کیلئے فیصلہ کرے گی۔

XS
SM
MD
LG