رسائی کے لنکس

اسکاٹ لینڈ ریفرنڈم سے قبل انتخابی جائزہ رپورٹ


برطانیہ سے علحیدگی یا اتحاد کے معاملے پر خواتین ووٹرز میں سب سے زیادہ اضطراب پایا جاتا ہے جو مردوں کے مقابلے میں آزادی کے حق میں ووٹ دینے پر زیادہ تذبذب کا شکار نظر آتی ہیں ۔

ریفرنڈم سے قبل برطانوی اخبارات ٹیلیگراف، ڈیلی میل اور آئی سی ایم کی تازہ ترین انتخابی جائزہ رپورٹ کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ 52 فیصد اسکاٹش برطانیہ سےعلیحدگی کے فیصلےکے خلاف ہیں جبکہ دوسری جانب 48 فیصد عوام خود مختار اسکاٹ لینڈ کے حق میں ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم سے کچھ گھنٹوں پہلے تک ایسی صورتحال دکھائی دیتی ہے جس میں اسکاٹش ووٹرزکی خاصی بڑی تعداد ایسی لوگوں پر مشتمل ہے جو فیصلے کی اس گھڑی میں گومگو کا شکارہے یا پھر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ شاید وہ کسی درمیانی راستےکے حق میں ہیں یعنی انھیں خود مختاری چاہیئے لیکن یہ برطانیہ کے ساتھ متحد رہنے کے بھی خواہش مند ہیں۔

ووٹروں کی مجموعی تعداد میں ایسے رائے دہندگان کی کل تعداد لگ بھگ 8 فی صد ہے جن کا ووٹ ریفرنڈم کے نتیجےکے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق گذشتہ رات جاری ہونے والے پولز میں' بیٹر ٹوگیدر' کے حامیوں نے 4 پوائنٹس سے سبقت حاصل کر لی ہے۔

تاہم سیاسی مبصرین کی رائے میں اسکاٹ لینڈ کے متحد رہنے یا علیحدگی کا معاملہ اب بھی 350,000 رائے دہندگان کے ہاتھوں میں ہے جنہوں نے اب تک ہاں یا نہ کے حق میں ووٹ ڈالنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے ۔

اسکاٹش سینٹر کے آئینی ماہر نکول نے اسکائی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ہفتوں کے انتخابی جائزوں پر اگر نظر ڈالی جائے تو یہ پہلا موقع ہے جب تازہ ترین سروے کے نتیجے میں متحد برطانیہ کے حامیوں کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ، برطانیہ سے علیحدگی یا اتحاد کے معاملے پر خواتین ووٹرز میں سب سے زیادہ اضطراب پایا جاتا ہے جو مردوں کے مقابلے میں آزادی کے حق میں ووٹ دینے پر زیادہ تذبذب کا شکار نظر آتی ہیں۔

اگرچہ انتخابی مہم کے دوران کافی اتارچڑھاؤ نظر آیا لیکن ایک بات جو مستقل نظر آئی وہ یہ کہ خواتین ووٹرز کا نو کیمپ میں پولنگ کا امکان زیادہ رہا ہے۔

دوسرے لفظوں میں کہا جاسکتا ہے کہ خواتین ووٹرز یس اور نومہم میں دلائل کے باوجود مردوں کے مقابلے میں آزادی کے حق میں شکوک وشبہات کا شکار ہیں۔ اس صنفی فرق کی وجوہات کے طور پربہت سی قیاس آرائیاں کی گئی ہیں مثلا خواتین خطرات کا سامنا کرنےسے ہچکچاتی ہیں یا انھیں اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کی فکرزیادہ ہے یا پھریہ کہ وہ مردوں سے کم قوم پرست ہوتی ہیں۔

تجزیہ کاروں کی رائے میں ایک بات طے ہے کہ ایلکس سیمنڈ کے لیے خواتین رائے دہندگان ایک بڑا مسئلہ ہیں کیونکہ کہا یہ بھی جارہا ہے کہ اگر اسکاٹ لینڈ جمعرات کو ریفرنڈم میں آزادی کو مسترد کر دیتا ہے تو یہ عورتوں کے ووٹ کے نتیجے میں ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG