رسائی کے لنکس

لاہور چرچ حملے، امریکہ اور اقوامِ متحدہ کی مذمت


خاتون ترجمان، جین ساکی نے کہا ہے کہ امریکہ مکمل مذہبی آزادی کا حامی ہے؛ ’اور، ہر کسی کو بغیر کسی ڈر خوف، ہلاکت، دباؤ یا کسی طرح کی انتقامی کارروائی کے اپنے عقائد پر عمل پیرا ہونے کا حق حاصل ہے‘

امریکی محکمہٴخارجہ نے اتوار کو یوحنا آباد، لاہور کے دو گرجا گھروں میں ’بے گناہ افراد پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت‘ کرتے ہوئے، ہلاک و زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

پیر کے روز اخباری بریفنگ کے دوران، ایک بیان میں، خاتون ترجمان، جین ساکی نے کہا کہ امریکہ مکمل مذہبی آزادی کا حامی ہے؛ اور وہ ہر کسی کے لیے بغیر کسی ڈر خوف، ہلاکت، دباؤ یا کسی طرح کی انتقامی کارروائی کے اپنے عقائد پر عمل پیرا ہونے کا حق حاصل ہے۔

بقول اُن کے، ’اس قسم کی انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں، امریکہ عوام اور حکومت پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے‘۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں، مذہبی آزادی ایک بنیادی انسانی حق ہے، جس کا تحفظ لازم ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سربراہ بان کی مون نے بھی لاہور میں دو گرجا گھروں پر دہشت گردوں کے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے صدر دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق عالمی ادارے کے سربراہ نے پاکستانی طالبان کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے اور ایسے مزید حملوں کی دھمکی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بان کی مون نے اپنے بیان میں پاکستان کی حکوتم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرنے میں لانے اور مستقبل میں عبادت گاہوں اور مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔

عالمی ادارے کے سیکریٹری جنرل نے حملے کا نشانہ بننے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG