رسائی کے لنکس

امریکی میرین کے دو ہیلی کاپٹروں کے لاپتا عملے کی تلاش جاری


تلاش کی کارروائیاں جاری
تلاش کی کارروائیاں جاری

حکام کو ساحل پر موجود ایک شخص نے مطلع کیا تھا کہ اس نے ہیلی کاپٹروں کے نظروں سے اوجھل ہونے کے بعد آگ کا ایک گولہ اٹھتے ہوئے دیکھا۔

ہوائی کے ساحل کے قریب دو امریکی میرین ہیلی کاپٹروں کی تباہی کے بعد ان پر سوار 12 افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں لیکن تاحال اس میں کوئی کامیابی نہیں ہو سکی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ دو سی ایچ-53 ہیلی کاپٹر جمعرات کو دیر گئے اوآہو کے شمال میں چار کلومیٹر کے فاصلے پر آپس میں ٹکرانے کے بعد تباہ ہو کر گر گئے تھے۔

حکام کو ساحل پر موجود ایک شخص نے مطلع کیا تھا کہ اس نے ہیلی کاپٹروں کے نظروں سے اوجھل ہونے کے بعد آگ کا ایک گولہ اٹھتے ہوئے دیکھا۔

رات کے وقت معمول کی تربیتی مشق میں مصروف ان ہیلی کاپٹروں نے کسی بھی پریشانی سے متعلق کنٹرول ٹاور کو آگاہ نہیں کیا تھا۔

حکام کو ساحل کے نزدیک 11 کلومیٹر کے علاقے میں کچھ ملبہ ملا ہے اور اس علاقے کو محفوظ بنا کر تلاش کی کارروائیاں شروع کی گئیں۔

تلاش کی کارروائیوں میں سرحدی گارڈز کا ایک ایچ سی-130 ہرکولیس طیارہ اور ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔ بحریہ کے ہیلی کاپٹر اور کشتیاں بھی اس کام میں لگی ہوئی ہیں۔

امدادی کارروائیوں میں مصروف کارکنوں کو خراب موسم اور دھند کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اور پیش گوئی کی گئی ہے کہ یہ موسمی صورتحال آئندہ چند روز تک برقرار رہے گی۔

تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹرز میرین ہیوی ہیلی کاپٹر اسکوارڈن 463 کے تھے۔

XS
SM
MD
LG