رسائی کے لنکس

33 ملین پاؤنڈ کی لاٹری کے فاتح کی تلاش


برطانیہ میں 66 ملیں پاؤنڈ کا سب سے بڑا جیک پاٹ انعام، دو لاٹری کے ٹکٹوں نے جیتا ہے لیکن لاٹری کے نصف انعام کا ابھی تک دعویٰ نہیں کیا گیا ہے۔

کبھی کبھی قسمت کی دیوی دروازے پر دستک دیتے دیتے لوٹ جاتی ہے شاید آپ کو بھی اس بات پر یقین آ جائے کیونکہ، ان دنوں برطانیہ میں ایک 'پراسرار انعامی ٹکٹ' کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ جس پر نیشنل لاٹری کا تین کروڑ بیس لاکھ پاؤنڈ کا انعام نکلا ہے۔

لیکن شومئی قسمت کہ جس شخص کے پاس یہ انعامی ٹکٹ ہے وہ شاید اس ٹکٹ کو کہیں رکھ کر بھول چکا ہے۔

برطانیہ میں 66 ملین پاؤنڈ کا سب سے بڑا جیک پاٹ انعام، دو لاٹری کے ٹکٹوں نے جیتا ہے لیکن لاٹری کے نصف انعام کا ابھی تک دعویٰ نہیں کیا گیا ہے۔

لاٹو لاٹری کے منتظمین کیملوٹ کا کہنا ہے کہ یہ انعام یافتہ ٹکٹ برطانیہ کے شہر ووسٹر سے خریدا گیا تھا۔ لیکن اس اعلان کے بعد سینکڑوں افراد نے نیشنل لاٹری کے نامعلوم انعامی ٹکٹ کے مالک ہونے کا دعویٰ کر دیا ہے۔

جمعہ کو کیملوٹ کے ترجمان نے ووسٹر کے رہائشیوں سے انعامی ٹکٹ کو تلاش کرنے کے لیے کہا تھا، جس کے بعد ہفتے کے روز سوزین ہنٹ ممکنہ فاتح کے طور پر سامنے آئی تھیں۔

جن کا کہنا تھا کہ ان کا انعامی ٹکٹ پتلون کے ساتھ دھل چکا ہے۔

سوسن ہنٹ ایک خستہ حال انعامی ٹکٹ لے کر اسی نیوز ایجنٹ کے پاس پہنچی تھیں جن سے انھوں نے یہ انعامی ٹکٹ خریدا تھا، ان کے ٹکٹ پر انعامی لاٹری کےچھ ہندسے موجود ہیں لیکن، ٹکٹ پر تاریخ اور بار کوڈ کو نہیں پڑھا جا سکتا ہے۔

تاہم ان کے گھر والوں نے ہیر ڈرائر سے ٹکٹ کو خشک کرنے کے بعد اسے کیملوٹ کے پاس تصدیق کے لیے بھیج دیا ہے اور کیملوٹ فی الحال اس پر تحقیقات کر رہا ہے۔

بعد ازاں سینکڑوں لاٹری کھیلنے والوں نے کیملوٹ سے رابطہ کر کے خود کو انعامی رقم کا حقدار بتایا ہے، جن کے مطابق ان کا لاٹری ٹکٹ لاپتا ہے یا چوری ہو گیا ہے۔

کیملوٹ نے تصدیق کی ہے کہ انھیں انعامی رقم کے لیے سینکڑوں دعوے موصول ہوئے ہیں۔

تاہم ان تمام دعوؤں سے قطع نظر لاٹری فرم نے منگل کے روز ایک بار پھر سے لوگوں کو انعامی ٹکٹ کو تلاش کرنے کے کیے کہا ہے۔

کیملوٹ نے ووسٹر نیوز کو بتایا کہ وہ غیر تصدیق شدہ دعوؤں پر تبصرہ نہیں کریں گے۔

برطانیہ کی تاریخ کی سب سے بڑی 66 ملین پاؤنڈ کی لاٹو لاٹری کا نصف انعام ایک اسکاٹش جوڑے نے جیتا ہے، جنھوں نے چند دنوں میں اپنا انعام وصول کر لیا تھا۔

کیملوٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دعویدار 30 دن کے اندر اندر تحریری طور پر کیملوٹ کو اپنے انعامی ٹکٹ کے کھو جانے، چوری یا نقصان ہو جانے کی اطلاع کر سکتے ہیں لیکن اس صورت میں انعامات کی ادائیگی کا فیصلہ فرم کی صوابدید پر ہوتا ہے اور اگر دعویدار ٹکٹ کے بارے میں کافی ثبوت فراہم کرتا ہے تو بھی کیملوٹ اس پر تحقیقات کرتی ہے کہ یہ دعویٰ درست ہے یا نہیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ جس دوکان سے ٹکٹ خریدا گیا ہے، ہم نے اس کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں اور نا ہی ہمیں کسی خوردہ فروش کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ انھوں نے یہ انعامی ٹکٹ فروخت کیا ہے۔

لاٹری آپریٹر کے مطابق وہ تمام دعوؤں کو ایک کیس کی بنیاد پر دیکھ رہے ہیں لیکن لاٹری آپریٹر نے خبردار کیا کہ اگر کوئی جان بوچھ کر نیشنل لاٹری کو دھوکا دینے کی کوشش کرے گا تو کسی بھی دوسری کمپنی کی طرح ہم اس کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG