رسائی کے لنکس

امریکہ: شاپنگ مال میں فائرنگ سے چار خواتین ہلاک


پولیس عہدیدار نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پولیس مستعدی سے حملہ آور کو تلاش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔

امریکہ کی ریاست واشگنٹن کے ایک شاپنگ مال میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے چار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور جائے وقوع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔

یہ واقعہ سیاٹل کے شمال میں واقع علاقے برلنگٹن کے کاسکیڈ شاپنگ مال میں جمعہ کو دیر گئے پیش آیا۔

پولیس کے ایک عہدیدار مارک فرانسس نے بتایا کہ پولیس مشتبہ ہسپانوی شخص کو تلاش کر رہی جو مسلح ہے اور سیاہ لباس پہن رکھا ہے۔ ان کے بقول اسے آخری مرتبہ انٹرسٹیٹ فائیو کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

فرانسس نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پولیس مستعدی سے حملہ آور کو تلاش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔

فرانسس نے بتایا کہ مرنے والوں میں چارخواتین شامل ہیں جب کہ ایک مرد شدید زخمی ہوا۔

جائے وقوع کے قریب واقعی ایک اطالوی ریستوران کی اسسٹنٹ مینیجر اسٹیفینی بوس کہتی ہیں کہ انھوں نے فوراً ریستوران کا مرکزی دروازہ بند کر دیا اور وہاں لوگ گھبراہٹ اور خوف سے چلا رہے تھے۔

ریاست کے گورنر جے انسلی نے ایک بیان میں لوگوں پر زور دیا کہ وہ تمام حفاظتی اقدام کو ملحوظ رکھیں۔ "اپنے گھر والوں اور احباب کے قریب رہیں، ہم معلومات کا اور مشتبہ شخص کی گرفتاری کی خبر کا انتظار کر رہے ہیں۔"

کاسکیڈ شاپنگ مال 1990ء میں بنا تھا اور یہاں بڑے اسٹورز، ریستوران اور سینما واقع ہے۔

رواں ماہ ہی ریاست منیسوٹا کے علاقے سینٹ کلاؤڈ کے ایک شاپنگ مال میں ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے دس افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ وہاں موجود ایک پولیس اہلکار نے فائرنگ کر کے حملہ آور کو ہلاک کردیا تھا جس کی شناخت 20 سالہ ظاہر احمد عدن کے طور پر ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG