رسائی کے لنکس

کراچی ٹیسٹ: پاکستان 438 پر ڈھیر، نیوزی لینڈ کے اوپنرز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ


نیوزی لینڈ اوپنرز نے بیٹنگ کا آغاز ذمہ دارانہ انداز میں کیا اور دن کے اختتام پر دونوں اوپنرز وکٹ پر موجود رہے۔
نیوزی لینڈ اوپنرز نے بیٹنگ کا آغاز ذمہ دارانہ انداز میں کیا اور دن کے اختتام پر دونوں اوپنرز وکٹ پر موجود رہے۔

کراچی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 165 رنز بنا لیے ہیں۔ میزبان ٹیم دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منگل کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن بابر اعظم اور آغا سلمان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو اس موقع پر بابر 161 اور سلمان تین رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

بابر اپنے انفرادی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر کیویز کپتان ٹم ساؤتھی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

توقع کی جارہی تھی کہ بابر اپنی ڈبل سینچری بناتے ہوئے ریکارڈ بک میں مزید اضافہ کر دیں گے لیکن وہ اس میں ناکام رہے۔

اس سے قبل بابر اعظم نے سرفراز احمد کے ساتھ چوتھی وکٹ پر 196 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ بابر نے اپنی اننگز کے دوران سابق کرکٹر محمد یوسف کا 16 برس پرانا ریکارڈ توڑا بلکہ وہ کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ نصف سینچریاں بناناے والے بلے باز بھی گئے تھے۔

بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد ساتویں وکٹ پر آغا سلمان کے ساتھ نعمان علی نے 54 رنز کی شراکت قائم کی۔ 372 رنز کے مجموعی اسکور پر نعمان علی سات رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

نعمان کے آؤٹ ہوتے ہی نئے آنے والے محمد وسیم بھی فوراًً پویلین لوٹ گئے۔ تاہم اس دوران آغا سلمان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور انہوں نے 146 گیندوں پر 17 چوکوں کی مدد سے سینچری اسکور کی۔

پہلی اننگز میں پاکستان کی نویں وکٹ 414 رنز پر گری جس کے بعد آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آغا سلمان تھے جو 103 رنز بنا سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 69 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ اعجاز پٹیل، مائیکل براس ویل اور اش سودھی کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔ نیل واگنر ایک وکٹ لے سکے۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 161، آغا سلمان 103 اور سرفراز احمد 86 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

نیوزی لینڈ اوپنرز نے بیٹنگ کا آغاز ذمہ دارانہ انداز میں کیا اور دن کے اختتام پر دونوں اوپنرز وکٹ پر موجود رہے۔

دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو ٹام لیتھم 78 اور ڈیوون کانوے 82 رنز کے ساتھ کیریز پر موجود تھے۔

XS
SM
MD
LG