رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا


جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر لی۔

فہلوکوایو اور ڈوسین نے پاکستان کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلائی۔

دونوں بیٹسمینوں نے چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں127 رنز بنائےجبکہ جنوبی افریقا نے 203 رنز کا ہدف 42 اوورز میں حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب شاہین آفریدی نے اپنے پہلے اوور میں 12رنز پر ہاشم آملہ اور پھر دوسرے اوور میں 15رنز کے مجموعی اسکور پر ہینڈرکس کو پویلین کی راہ دکھا دی، دونوں اوپنرز نے بالترتیب 8 اور 5رنز بنائے۔

پہلے ون ڈے میں پروٹیز اوپنرز نے 82رنز کا آغاز دیا تھا جبکہ ہاشم آملہ نے شاندار 103 ناٹ آؤٹ اور ہینڈرکس نے 45رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں کپتان ڈوپلیسی بھی شاہین آفریدی کا نشانہ بن کر صرف 8رنز بناکر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

ڈیوڈ ملر اور وین ڈر ڈوسین نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 51رنز جوڑ کر ٹیم کو کسی حد تک مشکل صورتحال سے نکالا تاہم شاداب خان ایک اوور میں لگاتار دو گیندوں پر پہلے ملر اور پھر نئے آنے والے بیٹسمین کی وکٹیں گرنے کے بعد پروٹیز ایک بار پھر دباؤ میں آگئے۔ ملر نے 31رنز کی اننگز کھیلی۔

80رنز پر 5وکٹیں گرنے کے بعد فہلوکوایو ڈوسین کا ساتھ دینے میدان میں اُترے اور پاکستانی بولرز کو اعتماد کے ساتھ کھیلتے ہوئے چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 127 رنز جوڑ کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کر دیا۔

ڈوسین 80 اور فہلو کوایو 69 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ فہلو کوایو کو آل راؤنڈ پرفارمنس میں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے تین اور شاداب خان نے دو وکٹیں لیں۔

تیسرا ون ڈے جمعے کے روز سینچورین میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG