رسائی کے لنکس

سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ہرا دیا


مہمان سری لنکن ٹیم نے پاکستان کو 35 رنز سے شکست دی۔
مہمان سری لنکن ٹیم نے پاکستان کو 35 رنز سے شکست دی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی سری لنکا جیت گیا جس کے ساتھ ہی وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بناکر اننگز مکمل کی اور پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم 147 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کے 183 رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز اچھے انداز میں نہیں کیا ۔ اوپننگ بیٹمسمین بابر اعظم اور فخر زمان ڈبل فگر اسکور بھی نہ کرسکے۔

بابر اعظم پہلے ٹی ٹوئنٹی کی طرح ہی جلد آؤٹ ہوگئے۔ وہ صرف 3 رنز ہی بناسکے تھے کہ پرادیب نے انہیں بولڈ کردیا۔ فخر زمان نے 6 رنز اسکور کئے اور وہ بھی بولڈ ہوگئے۔ ان کی وکٹ راجتھا نے لی۔

تیسری اور چوتھی وکٹ بھی کلین بولڈ ہوئی۔ پہلے احمد شہزاد 13 اور ان کے بعد سرفراز احمد 26 رنز بناکر پویلین لوٹا دیئے گئے۔ ان دونوں کو ڈی سلوا نے آؤٹ کیا۔

عمر اکمل اس میچ میں بھی ناکام رہے اور مجموعی طور پر 10 ویں مرتبہ آؤٹ ہونے کا منفی ریکارڈ اپنے نام کر بیٹھے۔ انہیں ڈی سلوا نے بغیر کوئی رن بنانے کا موقع دیئے ایل بی ڈبلیو کردیا۔

پاکستان کی جانب سے بڑا اسکور کرنے والے واحد کھلاڑی عماد وسیم رہے جنہوں نے بالر ہوتے ہوئے بھی 47 رنز اسکور کیے تاہم اڈانا نے انہیں ایل بھی ڈبلیو کردیا۔

اگلے بلے باز آصف علی اور وہاب ریاض تھے۔ وہاب ریاض کو اڈانا نے 7 رنز پر بھانوکا کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ کرا دیا۔

ان کے بعد شاداب خان بیٹنگ کرنے آئے لیکن اڈانا نے انہیں صفر پر آؤٹ کردیا۔ یوں پاکستان کی آٹھویں وکٹ گری۔

نویں وکٹ 148 رنز پر گری جب آصف علی پرادیب کے ہاتھوں 29 رنز پر بولڈ ہوگئے۔ دسویں وکٹ کے طور پر محمد عامر اور محمد حسنین کریز پر موجود تھے لیکن محمد حسین ایک ہی رن پر پرادیب کا شکار بن گئے اور یوں سری لنکا نے یہ میچ 35 رنز سے جیت لیا اور ٹی ٹوئنٹ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

پاکستان نے آج جن کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا ان میں بابر اعظم، فخر زمان، احمد شہزاد، عمر اکمل، سرفراز احمد، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، محمد حسنین اور وہاب ریاض شامل تھے۔

پاکستان نے افتخار احمد اور فہیم اشرف کو ڈراپ کرتے ہوئے فخر زمان اور وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا۔

پاکستان کے خلاف کھیلنے والی مہمان ٹیم میں گناتھیلاکا، فرنینڈو، راجا پکسا، جے سوریا، شناکا، اڈانا، ڈی سلوا، بھانوکا، پرادیب، دھناکا اور راجتھا شامل ہیں۔

پاکستان کو آج کے میچ کی پہلی کامیابی حاصل کرنے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا۔ کیوں کہ 16 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی سری لنکا کے اوپنر گناتھیلاکا 15 رنز بناکر عماد وسیم کی بال پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد فرنینڈو بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور صرف 8 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔

ان دونوں بیٹسمین کی جگہ راجا پاکسا اور جے سوریا نے لی۔ راجا پاکسا نے جارحانہ انداز اپنایا اور کھل کر شارٹس لگائے جبکہ جے سوریا بھی انہی کے انداز میں کھیلتے نظر آئے۔

راجا پاکسا نے 77 رنز بنائے جبکہ جے سوریا 34 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ راجا پاکسا کی وکٹ شاداب خان نے لی۔

اسی دوران بھانوکا وکٹ پر آئے لیکن وہ بغیر کوئی رنز بنائے ہی رن آؤٹ ہوگئے۔ اڈانا کو وہاب ریاض نے 8 رنز پر بولڈ کردیا۔

اگلی بیٹسمین جوڑی ڈی سلوا اور شناکا کی تھی۔ شناکا 27 اور ڈی سلوا 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں سری لنکا مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 182 رنز بناسکا۔

ٹاس کے وقت کا ایک منظر
ٹاس کے وقت کا ایک منظر

ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 64 رنز سے شکست دی تھی۔

ٹیم میں عمر اکمل اور احمد شہزاد کی واپسی اور پھر ناکامی پر کوچ مصباح الحق کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ پہلے میچ میں احمد شہزاد چار اور عمر اکمل بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے تھے جبکہ آج کے میچ میں بھی عمر اکمل صفر پر آؤٹ ہوئے۔

دونوں بلے بازوں کو فخر زمان اور حارث سہیل کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2018 میں محدود اوورز کی کرکٹ میں مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے تھے جس میں اسے 17 میں کامیابی ملی تھی۔

رواں سال اب تک کھیلے گئے پانچ میچزمیں سے پاکستان کو 4 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ناقص کارکردگی کے باوجود آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان ٹیم پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔

XS
SM
MD
LG