رسائی کے لنکس

فرقہ وارانہ تفریق کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی: جنرل قمر باجوہ


فائل
فائل

پاکستان فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ’’پاکستانی قوم متحد ہے اور دشمن کی طرف سے ملک میں فرقہ وارنہ تفریق پیدا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی‘‘

پاکستان فوج کے سربراہ، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ’’پاکستانی قوم متحد ہے اور دشمن کی طرف سے ملک میں فرقہ وارنہ تفریق پیدا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی‘‘۔

پاکستانی فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، جنرل قمر جاوید نے کہا ہے کہ،"ہم بطور مسلمان اور پاکستانی متحد ہیں۔ "

واضح رہے کہ جمعہ کو کرم ایجنسی کے قبائلی علاقے پاڑاچنار میں یکے بعد دیگر دو بم دھماکوں میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس واقعہ کے بعد افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں شیعہ برداری سے تعلق رکھنے والے افراد پاڑا چنار میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ "فوجی حکام پاڑا چنار میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کے خاندانوں اور مقامی قبائلی عمائدین کے ساتھ رابطے میں ہیں"۔

بتایا گیا ہے کہ جنرل باجوہ نے منگل کو پاڑا چنارا کا دورہ کرنا تھا۔ تاہم، موسم کی خرابی کی وجہ سے یہ دورہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔

حالیہ دنوں میں کوئٹہ اور پاڑا چنار میں دہشت گردی کے متعدد واقعات اور صوبہ پنجاب کے جنوبی شہر بہاولپور کے قریب واقع قصبے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر کو آگ لگنے کے واقعہ میں بیسیوں افراد ہلاک ہوئے۔ جس وقت یہ واقعات پیش آئے اس وقت وزیر اعظم نواز شریف ملک سے باہر تھے۔ تاہم، گزشتہ روز وہ اپنے دورہ مختصر کرکے لندن سے واپس وطن پہنچے اور احمد پور شرقیہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اس حادثے کا نشانہ بننے والوں کے لواحقین اور زخمی ہونے والے افراد سے ملاقات کی۔

تاہم، ابھی تک وزیر اعظم نے پاڑا چنار اور کوئٹہ کا دورہ نہیں کیا جس کی وجہ سے حزب مخالف کے رہنماؤں، بشمول عمران خان کی طرف سے وزیر اعطم پر تنقید کی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG