رسائی کے لنکس

امریکہ سے ڈرون حملوں کے نقصانات کا معاوضہ مانگا جائے: سینیٹ


پاکستان کی پارلیمنٹ کی عمارت، فائل فوٹو
پاکستان کی پارلیمنٹ کی عمارت، فائل فوٹو

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایوان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس قرار داد کی نقول اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، نیٹو، یورپی یونین، دولت مشترکہ اور ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کو بھی بھیجے

پاکستان کی سینیٹ میں پیر کے روز ایک قرار داد پیش کی گئی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سن 2000 سے پاکستان کے اندر ڈرون حملوں میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں اور املاک کے نقصانات کا امریکی حکومت سے معاوضہ طلب کرے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایوان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس قرار داد کی نقول اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، نیٹو، یورپی یونین، دولت مشترکہ اور ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کو بھی بھیجے تاکہ ڈرون حملوں سے معاشرتی، اقتصادی اور متاثرین کی نفسیاتی صحت کو پہنچنے والے نقصانات کو اجاگر کیا جا سکے۔

ایک اور قرارداد میں حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ ان تمام بین الاقوامی معاہدوں، وعدوں اور کنونشنز کی دستاویزات پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے سامنے پیش کرے جس پر پاکستان کی حکومت نے دستخط کیے ہیں یا ان کی توثیق کی ہے۔

تیسری قرار داد میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان تمام افراد کے لیے، جنہوں نے تقسیم کے وقت یا اس کے بعد پاکستان چھوڑ کر بیرونی ملکوں میں سکونت اختیار کر لی تھی، اور وہ مذہبی فرائض کی ادائیگی، یا سیاحت کے لیے اپنے وطن واپس آنا چاہیں، یا وہ یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہیں، یا وہ کسی نوعیت کی کاروباری سرگرمی کا حصہ بننا چاہیں، تو ان کے لیے تمام ضروری سہولتیں اور آسانیاں مہیا کرے۔

چوتھی قرار داد میں حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام تمام تعلیمی اداروں میں سوڈا واٹر اور انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی عائد کرے۔

XS
SM
MD
LG