شمالی کوریا کی طرف سے اس ماہ میں کے اوائل میں کیے جانے والے جوہری تجربے کے بعد جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے درمیان پروپگنڈا جنگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ جنوبی کوریا کے حکام نے پیر کو کہا کہ شمالی کوریا نے 10 لاکھ تحریری پرچے غباروں کی مدد سے جنوبی کوریا میں گرائے ہیں۔
جنوبی کوریا نے چھ جنوری کو ہائیڈرجن بم کا تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا اگرچہ کئی غیر ملکی حکومتیں اور مبصرین نے شمالی کوریا کے اس دعویٰے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔
براہ راست فوجی تصادم سے گریز کرتے ہوئے جو آسانی سے عملی جنگ کی صورت اختیار کر سکتا ہے، شمالی اور جنوبی کوریا نے فوجی عزم اور تیاری کے اظہار کے لیے نفسیاتی جنگی چالوں اور حکمت عملی کا راستہ اختیار کیا ہے۔
شمالی کوریا کے طرف سے کیے جانے والے جوہری تجربے کے کچھ دنوں کے بعد جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی سرحد کے قریب نصب اپنے لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے پیانگ ینگ مخالف براڈ کاسٹ اور کوریائی پاپ گانے نشر کرنے شروع کر دیئے تھے۔
جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ اس کے ردعمل میں شمالی کوریا نے سرحد پر اپنے براڈ کاسٹ شروع کرنے کے سا تھ سرحد پر غباروں کی ذریعے جنوبی کوریا مخالف پروپگنڈا مواد والے پرچے گرانے شروع کر دیے تھے۔
جنوبی کوریا کے وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے یہ پرچے فضا سے روزانہ کی بنیا د پر گراے جارہے ہیں اور اس کے بقول یہ پرچے سیول تک بھی پہنچ گئے ہیں جو کہ سرحد سے تقریباً 60 کلومیٹر دور واقع ہے۔
جنوبی کوریا، امریکہ اور دیگر ممالک شمالی کوریا کی طرف سے چوتھا جوہری تجربہ کرنے پر اس کے خلاف مزید سخت تعزیرات عائد کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔
دونوں کوریائی ممالک کے درمیان 1950 کی دہائی میں ہونے والی جنگ جس کا خاتمہ ایک امن معاہدے کی بجائے عارضی جنگی بندی پر ہوا کے بعد سے ان کی مشترکہ سرحد پر دینا میں سب سے زیادہ مسلح فوجی دستے تعینات ہیں۔ امریکہ نے جنوبی کوریا کے دفاع کے لیے اپنے تقریباً 28,500 فوجی جنوبی کوریا میں تعینات کیے ہوئے ہیں