رسائی کے لنکس

غیر ملکی اداکاروں کو پاکستان میں کام کرتا دیکھنا چاہتا ہوں: شان


’میں چاہتا ہوں دنیا بھر کے لئے پاکستانی سینما ایسا پرکشش قلعہ بن جائے جس میں کام کرنے کی خواہش ہر غیر ملکی اداکار کرے اور یہاں آکر کام کرنے میں خوشی اور فخر محسوس کرے۔‘

رومینٹک ہیرو سے لے کر گنڈاسا پکڑے دشمنوں کو للکارتے اور ٹھکانے لگاتے 'اینگری ینگ مین' تک ہر کردار پر داد اور شہرت پانے والے اداکار شان شاہد پاکستانی فلم انڈسٹری کے مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں۔

اپنی نئی فلم کی ریلیز کی پروموشن میں زور و شور سے مصروف شان پہنچے لاہور کے فورمین کرسچین کالج جہاں انہوں نے طالب علموں سے اپنے تجربات شیئر کئے۔ شان کے ہمراہ ان کی فلم ’ارتھ ۔دی فائنل ڈیسٹی نیشن‘ کی کو اسٹار اعظمی حسن بھی تھیں۔

شان نے اپنے دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ''میں چاہتا ہوں کہ دنیا بھر کے لئے پاکستانی سینما ایسا پرکشش قلعہ بن جائے جس میں کام کرنے کی خواہش ہر غیر ملکی اداکار کرے اور یہاں آکر کام کرنے میں خوشی اور فخر محسوس کرے۔‘'

اپنی پہلی ہی فلم ’بلندی‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے شان سے جب طلبا نے یہ سوال کیا کہ ’'سپرہٹ ہیرو ہونے کے باوجود دوسرے پاکستانی آرٹسٹوں کی طرح انہوں نے بالی وڈ میں کام کرنے کا تجربہ کیوں نہیں کیا تو شان کا جواب تھا: '’میں دنیا بھرکے ملکوں میں جاتا ہوں۔ جتنا ٹیلنٹ پاکستان میں ہے کہیں اور نہیں دیکھا۔ میں سینما کو ایک ڈائریکٹر کی نظرسے دیکھتا ہوں۔ اسی لئے پاکستانی ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لانا اور اس کے ساتھ پاکستانی سینما میں کام کرنا اور اسے فروغ دینے میں کردار ادا کرنا میرا مقصد ہے۔ہمارے ملک میں موجود ٹیلنٹ کو سامنے لانے، نکھارنے اور سنوارنے کی ضرورت ہے۔'‘

ایک کامیاب اور عمدہ آرٹسٹ کی ’ترکیب‘ نوجوانوں سے شیئر کرتے ہوئے شان کا کہنا تھا ’'بہترین آرٹسٹ میں تین خوبیاں لازمی ہیں: مشاہدے کی صلاحیت، ٹیلنٹ اور کام پر فوکس۔

بالی وڈ کے ویٹرن فلم میکر مہیش بھٹ کی ہٹ فلم ’ارتھ‘ کے ری میک ’ارتھ۔دی فائنل ڈیسٹی نیشن‘ میں شبانہ اعظمی کا کردار نبھانے والی اداکارہ اعظمی حسن نے، انگریزی اخبار ’ٹری بیون‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، کہا کہ '’پاکستان میں آرٹسٹ بننا خصوصاً خواتین کے لئے آسان نہیں۔ اپنے کام اور پروفیشن سے محبت اور جنون ہی آپ کو تمام مشکلات کا سامنے کرنے اور رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔‘'

شان کی ڈائریکٹ کردہ 'ارتھ دی فائنل ڈیسٹی نیشن' آئندہ سال ریلیز ہوگی۔

XS
SM
MD
LG