رسائی کے لنکس

شبانہ اعظمی اور جاوید اختر پاکستان پہنچ گئے


چوتھا عالمی فیض میلہ جمعہ 16 نومبر سے اتوار 18 نومبرتک الحمرا ہال میں ہوگا۔ فیسٹیول میں مقامی شخصیات کے ساتھ ساتھ غیر ملکی مہمان بھی شرکت کر رہے ہیں۔

بالی ووڈ کی سینئر ایکٹریس شبانہ اعظمیٰ اپنے شوہر، شاعر اور متعدد کامیاب فلمی کہانیوں کے تخلیق کار جاوید اختر کے ہمراہ پاکستان پہنچ چکی ہیں۔

وہ تین روزہ دورے پر لاہور میں مقیم ہیں اور ان کی آمد کا مقصد الحمرا لاہور میں ہونے والا ’فیض میلہ‘ ہے۔

جاوید اختر اور شبانہ اعظمی جمعرات کو واہگہ کے راستے لاہور پہنچے جہاں ان کی ملاقات فیض احمد فیض کی صاحبزادی سلیمہ ہاشمی کے ہمراہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ہوئی۔

ملاقات میں بھارتی جوڑے کا کہنا تھا کہ وہ بھارت سے محبت کا پیغام لائے ہیں۔ علم اور فن کی سرحدیں نہیں ہوا کرتیں۔ فنکار دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے میں بہت موثر کردار ادا کرسکتا ہے۔

شبانہ اعظمی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے بڑھنے چاہئیں۔

اس موقع پر گورنر پنجاب محمد سرور نے کہا کہ پاکستان اَمن پسند ملک ہے اور ہمسایہ ممالک سے برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ پاکستان اور بھارت میں ثقافتی وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

چوتھا عالمی فیض میلہ جمعہ 16 نومبر سے اتوار 18 نومبرتک الحمرا ہال میں ہوگا۔ فیسٹیول میں مقامی شخصیات کے ساتھ ساتھ غیر ملکی مہمان بھی شرکت کر رہے ہیں۔

فیسٹیول کی انتظامیہ کے مطابق شبانہ اعظمی ’کیف اور فیض‘ کے عنوان سے ایک خصوصی سیشن میں شریک ہوں گی اور خیالات کا اظہار کریں گی جب کہ جاوید اختر اتوار کو اپنا خصوصی مقالہ پیش کریں گے۔

سلیمہ ہاشمی نے فیسٹیول کی میزبانی کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیسٹیول میں شریک ہر فرد ہمارا معزز مہمان ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتی شخصیات کی فیسٹیول میں شرکت درست سمیت میں مثبت اقدام ہے۔ فن کاروں کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

XS
SM
MD
LG