رسائی کے لنکس

شاداب خان ورلڈ کپ کے لیے فٹ قرار


آل راؤنڈر شاداب خان کو ہیپاٹیٹس سی سے صحت یاب ہونے کے بعد آئندہ ورلڈ کپ کے لیے مکمل طور پر فٹ قرار دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ لندن میں فائنل چیک اپ کے بعد ٹیم میں شامل ہو جائیں گے۔

شاداب خان کو ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیے گئے 15 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ تاہم، جب اُن کے خون کی جانچ کے بعد انفیکشن کے بارے میں علم ہوا تو اُن کی ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت خطرے میں پڑ گئی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ اُنہیں یہ انفیکشن دانتوں کے علاج کے دوران استعمال ہونے والے ایسے اوزاروں کی وجہ سے ہوا جنہیں درست طریقے سے سٹرلائیز نہیں کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اُنہیں انگلستان کے خلاف جاری ایک روزہ میچوں کی سیریز سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انفیکشن سے صحت یابی کے بعد شاداب خان جلد انگلستان روانہ ہو جائیں گے، جب کہ اُن کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے سپنر یاسر شاہ کو واپس بھیج دیا جائے گا۔

دوسری جانب، تیز بالر محمد عامر کے خسرے میں مبتلا ہونے کے باعث ورلڈ کپ سکواڈ میں ان کی شمولیت غیر یقینی ہو گئی ہے۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت ورلڈ کپ سکواڈ میں تبدیلی 23 مئی تک کی جا سکتی ہے جس کے بعد سکواڈ میں شمولیت کے لیے کھلاڑی کو آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے خصوصی میڈیکل سرٹفکیٹ حاصل کرنا ہو گا۔

پاکستان کا ورلڈ کپ سکواڈ

پاکستان کے ورلڈ کپ سکواڈ میں جن کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، ان کے نام یہ ہیں۔ فخر زمان، امام الحق، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، سرفراز احمد (کپتان اور وکٹ کیپر)، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین۔

XS
SM
MD
LG