رسائی کے لنکس

'جب آخری فلم فلاپ ہوئی تو متبادل کاروبار کا سوچ لیا تھا'


شاہ رخ خان آخری بار سال 2018 میں فلم 'زیرو' میں نظر آئے تھے۔ تاہم یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی تھی۔
شاہ رخ خان آخری بار سال 2018 میں فلم 'زیرو' میں نظر آئے تھے۔ تاہم یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی تھی۔

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان چار برس بعدفلم 'پٹھان' کے ذریعے دوبارہ بڑے پردے نظر آئے تو ان کی فلم نے خوب کامیابیاں سمیٹیں۔

شاہ رخ آخری بار 2018 میں فلم 'زیرو' میں نظر آئے تھے لیکن ان کی یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی تھی۔ جس کے بعد ان کے مداح انہیں فلم میں دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔

شاہ رخ کی نئی فلم 'پٹھان' نے چھ روز کے اندر دنیا بھر سے 500 کروڑ سے زائد بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے اور وہ ایک مرتبہ پھر انڈسٹری کو کامیاب فلم دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

پیر کو 'پٹھان' کی کامیابی کو منانے کے لیے کاسٹ کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی جس میں شاہ رخ خان، اداکارہ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم سمیت ہدایت کار سدھارتھ انند بھی شریک ہوئے۔

پریس کانفرنس میں شاہ رخ خان نے جہاں اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا وہیں انہوں نے ماضی میں فلم کی ناکامی کا بھی تذکرہ کیا۔

ان کا کہنا تھا "گزشتہ چار برسوں میں سے دو سال میں نے کام نہیں کیا اور اپنی فیملی کے ساتھ ہی وقت گزارا ۔"

انہوں نے کہا کہ "جب میری آخری فلم نہیں چلی تو لوگ کہہ رہے تھے کہ اب میری فلمیں نہیں چلیں گی، تو پھر میں نے متبادل کاروبار کرنے کے بارے میں سوچنا شروع کردیا۔"

شاہ رخ نے کہا کہ انہوں نے کھانا پکانا سیکھ لیا تھا تاکہ ریستوران کھولیں اور اپنے ہاتھ سے اطالوی کھانے بنا کر لوگوں کو کھلائیں۔

ان کے بقول، " فلموں میں واپس آنا بہت اچھا لگا، میری ہمیشہ یہی خواہش رہتی ہے کہ خوشی بانٹ سکوں، میں پچھلے چار دنوں میں وہ پچھلے چار سال بھول گیا ہوں۔

شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان' 25 جنوری کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم ریلیز سے قبل اپنے گانے 'بے شرم' رنگ کی وجہ سے تنازع کا بھی شکار رہی تھی لیکن اس کے باوجود باکس آفس پر یہ شاندار بزنس کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG