رسائی کے لنکس

الوداعی میچ کی پیشکش، شاہد آفریدی کی معذرت


اپنے پیغام میں آفریدی نے کہا ہے کہ نجم سیٹھی کی جانب سے ملاقات اور فیئر ویل کی پیشکش کا شکریہ، مگر ذاتی مصروفیات کے باعث پیشکش قبول نہیں کر سکتا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے الوداعی میچ کی پیشکش ٹھکرا دی۔

شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میںفیئرویل کی پیشکش رد کرتے ہوئے ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا شکریہ ادا کیا ہے۔

آفریدی کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی جانب سے ملاقات اور فیئر ویل کی پیشکش کا شکریہ مگر ذاتی مصروفیات کے باعث پیشکش قبول نہیں کر سکتا۔

آفریدی کا مزید کہنا ہے کہ میری خواہش تھی کہ نئی روایت قائم کی جائے، خوش ہوں کہ مصباح اور یونس کو مناسب فیئرویل مل رہا ہے، میں امید کرتا ہوں کہ یہ روایت مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین، نجم سیٹھی نے رواں ماہ شاہد آفریدی سے دبئی میں ملاقات کے دوران فیئرویل کی پیشکش کی تھی۔

نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی سے ملاقات کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آل راؤنڈرسے فیئرویل کے طریقہ کار اور مستقبل میں کرکٹ کے فروغ سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

شاہد آفریدی نے گزشتہ سال فیئرویل میچ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یہ روایت قائم کرنا چاہتے ہیں کہ ملک کی خدمت کرنے والے کھلاڑیوں کو بہترین انداز میں رخصت کیا جائے۔

شاہد آفریدی کے نام کچھ ریکارڈز
سن2016 میں اپنا آخری میچ کھیلنے والے شاہد آفریدی پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ون ڈے میچز کھیلنے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے 389 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں آٹھ ہزار 64 رنز بنائے، ان کا سب سے زیادہ اسکور 124 رنز رہا جبکہ 34 اعشاریہ 5 کی اوسط سے 395 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں آفریدی نے 98 میچوں میں ایک ہزار 405 رنز بنائے، زیادہ سے زیادہ انفرادی اسکور 54 رنز رہا، جبکہ وکٹوں کی تعداد 97 رہی۔

27 ٹیسٹ میچوں میں آفریدی نے ایک ہزار 716 رنز بنائے۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 156 رنز رہا جبکہ بولنگ میں 48 وکٹیں حاصل کیں۔

XS
SM
MD
LG