رسائی کے لنکس

عمران خان سے متعلق بیان پر آفریدی کو تنقید کا سامنا، لالا اپنے مؤقف پر قائم


شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ عمران خان ویژن رکھنے والے لیڈر ہیں، تاہم وہ اچھی ٹیم بنانے میں ناکام رہے جس کا اُنہیں نقصان ہوا۔
شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ عمران خان ویژن رکھنے والے لیڈر ہیں، تاہم وہ اچھی ٹیم بنانے میں ناکام رہے جس کا اُنہیں نقصان ہوا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی سابق وزیرِاعظم عمران خان سے متعلق ریمارکس کی وجہ سے ان دنوں سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔

اس کی وجہ 'سما'ٹی وی کو دیا گیا اُن کا حالیہ انٹرویو ہے جس میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کے بڑے حمایتی تھے اور 2013 کے انتخابات میں اُنہوں نے پہلی مرتبہ عمران خان کو ووٹ دیا تھا۔ تاہم اقتدار میں آ کر اُنہوں نے کئی غلطیاں کیں جس پر مایوسی ہوئی۔

شاہد آفریدی نے شہباز شریف کے وزیرِ اعظم بننے پر بھی ایک ٹوئٹ میں اُنہیں مبارکبا دی تھی جس پر بھی اُنہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مختلف مواقع پر شاہد آفریدی شہباز شریف کو بہترین ایڈمنسٹریٹر بھی قرار دیتے رہے ہیں۔

شاہد آفریدی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ویژن رکھنے والے لیڈر ہیں، تاہم وہ اچھی ٹیم بنانے میں ناکام رہے جس کا اُنہیں نقصان ہوا۔

سابق آل راؤنڈر کے یہ ریمارکس عمران خان کے چاہنے والوں کو ناگوار گزرے اور ٹوئٹر پر شاہد آفریدی کے خلاف ایک نیا محاذ کھل گیا۔ البتہ کئی ٹوئٹر صارفین شاہد آفریدی کی حمایت بھی کرتے نظر آئے۔

معروف اداکار اور پرڈیوسر کاشف محمود نے شاہد آفریدی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی نے پاکستان کی کرکٹ کو تباہ کیا اور اب وہ سیاست میں فلاسفر بن رہے ہیں۔

کاشف محمود کی یہ ٹوئٹ سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کو پسند نہ آئی اور وہ شاہد آفریدی کے حق میں بول پڑے۔

کامران اکمل نے ٹوئٹ کی کہ کاشف بھائی، شاہد آفریدی نے پاکستان کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔ لہذٰا آپ اُن کی سیاسی رائے کو اُن کے کریئر کے ساتھ نہ جوڑیں۔

سر سیٹھ عبداللہ نامی صارف نے شاہد آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں 30 برس تک ملک کو لوٹنے والوں سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لیکن وہ عمران خان پر تنقید کر رہے ہیں جنہیں صرف ساڑھے تین برس کے لیے حکومت ملی۔

کرکٹر یاسر حمید نے ٹوئٹ کی کہ جہاں تک عمران خان اور شاہد آفریدی کا تعلق ہے تو دونوں عظیم کرکٹرز اور کھیل کے میدان میں پاکستان کے سفیر رہے ہیں۔

اعزاز علی نامی صارف نے ٹوئٹ کی کہ بلاشبہ عمران خان کا کرکٹ کریئر شاہد آفریدی سے بہتر تھا۔ لیکن آفریدی کے بھارتی اسپنر ایشون کو لگائے گئے دو چھکے عمران خان کے پورے سیاسی کریئر سے بہتر ہیں۔

خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے 2014 میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ کے مقابلے میں بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کو دو مسلسل چھکے لگا کر پاکستان کو میچ جتوایا تھا۔

ادکار اسد ملک نے ٹوئٹ کی کہ بظاہر اُنہیں لگتا ہے کہ شاہد آفریدی کو عمران خان سے پیشہ ورانہ رقابت ہے۔

اُم حبیبہ نے ٹوئٹ کی کہ شاہد آفریدی عمران خان کو مشورے دے رہے ہیں، کوئی یہ بتائے کہ شاہد آفریدی نے خود اپنے کریئر میں کیا کیا ہے، سوائے ہر موقع پر ہمیں مایوس کرنے کے۔

اپنے اُوپر ہونے والی تنقید پر شاہد آفریدی نے جمعے کی شب ایک ویڈیو بیان جاری کیا اور کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے لیے ورلڈ کپ جیتا اور شوکت خانم جیسے منصوبے شروع کیے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے اختلاف کو نفرت میں نہیں بدلنا چاہیے۔ اُنہوں نے عمران خان کی ذات پر تنقید نہیں کی تھی بلکہ اپنی رائے کا اظہار کیا تھا جس کا ہم سب کو حق حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG