رسائی کے لنکس

پاکستانی ہیرو فواد خان نے سال 2014ء کے دوران شوبز نس میں پہلا قدم رکھنے والے تمام بھارتی فنکاروں پر اپنی ’دھاک‘جمالی ہے۔ مائرہ خان نے بھی بالی ووڈ میگا اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ ایک فلم سائن کرلی ہے۔ اب میکال ذوالفقار اور رشید ناز بھی ’بھارت کو پیارے‘ ہوگئے

بالی ووڈ میں گویا ان دنوں پاکستانی و بھارتی ’خانوں کا میلہ‘ سا لگا ہوا ہے۔ گوکہ اس میلے کی تاریخ کئی عشروں پرانی ہے۔ لیکن، جب سے سیٹیلائٹ ٹی وی چینلز کی بدولت دونوں ممالک کے درمیان فلموں اور ڈراموں کی سرحدیں گری ہیں فنکاروں کا ’ارآئیول‘ اور ’ڈیپارچرلاوٴنچ‘ ہر وقت فل نظر آتا ہے۔

مائرہ خان۔۔ شاہ رخ خان ایک ساتھ
ڈرامہ سیریل ”ہم سفر“ سے بھارت میں اپنی کامیاب پہچان بنانے والی مائرہ خان پچھلے مہینے بالی ووڈ یاترا پر تھیں اور اسی دوران انہوں نے شاہ رخ خان کی ہیروئن کے طور پر ایک فلم ’رئیس‘ سائن کی ہے۔ یہ فلم انہیں پروڈیوسر رتیش سدھوانی نے آفر کی تھی۔ فلم کچھ ہی ماہ میں فلور پر جانے والی ہے۔ ’رئیس‘ میں شاہ رخ خان کے علاوہ ایک اور مشہور فنکار مائرہ خان کے ساتھ ہوں گے اور وہ ہیں۔۔۔نواز الدین صدیقی۔

مائرہ کے بھارت میں کام کرنے کی خبر ملکی اور کچھ غیر ملکی میڈیا میں بھی سب سے زیادہ نمایاں کوریج کے ساتھ پیش کی جا رہی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام نے مائرہ خان کے بھارتی فلم میں کام کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے۔

’رئیس‘ کے ڈائریکٹر راہول ڈوھلکیا جبکہ فرحان اختر معاون پروڈیوسر ہوں گے جنہوں نے رتیش کے ساتھ ملکر مائرہ خان کے سلیکشن میں اہم رول نبھایا، جبکہ ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک خبر میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ مائرہ کے آڈیشن کے وقت خود شاہ رخ خان بھی موجود تھے اور انہوں نے بھی مائرہ خان کے سلیکشن میں اپنا ’حصہ‘ ڈالا تھا۔

فواد خان کی ہم عصر فنکاروں پر دھاک
’انڈیا ٹی وی نیوز‘ کا کہنا ہے کہ ہر سال سینکڑوں نوجوان فلمی اسٹار بننے کی خواہش میں ممبئی آتے ہیں۔ لیکن، ان میں سے بہت ہی کم لوگوں کو اپنے خوابوں کی تعبیر ملتی ہے۔ 2014ء میں بھی یہی ہوا۔ بہت سے نئے چہروں نے خوابوں کی سر زمین ممبئی میں قدم رکھا۔ ان میں سے کچھ کا خاندانی پس منظر پہلے ہی فلموں سے جڑا تھا تو کچھ فنکاروں کو پاکستان سے بھی ممبئی تک سفر کی پیشکش ہوئی۔ ان فنکاروں میں فواد خان بھی شامل تھے۔

فواد خان جو پہلے ہی اپنے پاکستانی ٹی وی ڈراموں سے بھارتی ویورز کے دلوں میں اپنا سکا جما چکے تھے۔۔جب اپنی پہلی فلم ’خوبصورت‘ کے ذریعے بگ سلور اسکرین پر نظر آئے تو مزید ہزاروں دل ’بیجا بیجا‘ ہوگئے۔ اب متعدد بھارتی میڈیا رپورٹس انہیں سال 2014ء کے دوران شوبز نس میں پہلا قدم رکھنے والے تمام بھارتی فنکاروں میں سرفہرست اور کامیاب ترین قرار دے رہی ہیں۔

’انڈیا ٹی وی نیوز‘ کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ فواد خان، خاندانی فلمی پرمنظر رکھنے والے فنکاروں سے بھی آگے نکل گئے ہیں مثلاً فلم ’یاریاں‘ ، ’ہیروپنتی‘، ’ہیٹ اسٹوری ٹو‘، ’مردانی‘ ،’ہمٹی شرما کی دلہنیا‘، ’لے کر ہم دیوانہ دل‘، ’فگلی‘، ’کرلے پیار کرلے۔۔‘ سال 2014ء کی کامیاب فلمیں تھیں اور ان کے ہیرو بالترتیب ہمیش کوہلی، ٹائیگر شیروف، جے بنوشالی، طاہر راج بھاسن، سدھارتھ شکلا، موہت مروا اور شیو درشن تھے جنہیں فواد خان نے اپنی صلاحیتوں کی بدولت کافی پیچھے چھوڑدیا ہے۔

میکال اور رشید ناز بھی بالی ووڈ کو ’پیارے‘
دو ’خانز‘ کے بعد اب میکال ذوالفقار اور رشید ناز بھی ڈائریکٹر نیرج پانڈنے کی فلم ’بے بی‘ میں کام کر رہے ہیں۔ اس فلم میں اکشے کمار اور انوپم کھیر لیڈنگ رولز کررہے ہیں۔ رشید ناز فلم ’خدا کے لئے‘ میں مولانا طاہری کا کردار ادا کر چکے ہیں اور ’بے بی‘ میں بھی وہ ایک انتہاپسند شخص کا رول اداکررہے ہیں۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق میکال اس سے پہلے تین بھارتی پروجیکٹس ’گوڈ فادر‘، ’شوٹ آن سائٹ‘ اور ’یو آر مائی جان‘ کرچکے ہیں۔ نئی فلم ان کا چوتھا پروجیکٹ ہوگا جس کی شوٹنگ استنبول، کھٹمنڈو، ابوظہبی، ممبئی اور دہلی میں ہوگی۔

XS
SM
MD
LG