رسائی کے لنکس

شاہ رخ خان اور کاجول پاکستانی مارننگ شوز میں


”دل والے“ کی کاسٹ جب صنم جنگ اور شائستہ واحدی سے ملی تو سب نے مل کر خوب ہلا گلا کیا جو ناظرین کو ان شوز میں دیکھنے کو ملے گا۔

بالی وڈ کی سب سے مقبول اور سپر جوڑی کاجول اور شاہ رخ خان پہلی بار پاکستانی ٹی وی اسکرین پر جلوہ گر ہونے جارہی ہے صنم جنگ اور شائستہ واحدی کے مارننگ شوز میں۔

شاہ رخ اور کاجول اپنی آنے والی فلم ”دل والے“ کو میگا ہٹ بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے اور اس سلسلے میں فلم کی دیگر کاسٹ کے ساتھ دبئی جا پہنچے جہاں ’ہم ٹی وی‘ نیٹ ورک کے مارننگ شوز ”جاگو پاکستان جاگو“ اور ”ہم ستارے“ کی ان دونوں اسٹارز کے ساتھ خصوصی قسطیں ریکارڈ کی گئیں۔

”جاگو پاکستان جاگو“ کی میزبان صنم جنگ ہیں اور شائستہ واحدی ”ہم ستارے“ کی ہوسٹ ہیں۔ ”دل والے“ کی کاسٹ جب صنم جنگ اور شائستہ واحدی سے ملی تو سب نے مل کر خوب ہلا گلا کیا جو ناظرین کو ان شوز میں دیکھنے کو ملے گا۔

شو کے دوران ”دل والے“ میں اہم رول نبھانے والے ورون دھون نے صنم جنگ کو ڈانس کے اسٹیپس بھی سکھائے۔

شائستہ واحدی نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جھٹ پٹ شاہ رخ اور کاجول کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور اپنے فیس بک پیج پر اپ لوڈ کردیں۔

شائستہ نے شاہ رخ خان کو پشاوری کوٹی، کاجول کو روایتی لباس، ورون دھون کو سندھی ٹوپی اور اجرک جبکہ ”دل والے“ میں ورون دھون کی ہیروئن کیرتی کو سندھی کوٹی تحفے میں دی۔

”اٹھو جاگو پاکستان“ اور ”ہم ستارے“ کے خصوصی شوز 17 دسمبرکو آن ایئر کیے جائیں گے۔

’ہم ٹی وی‘ نیٹ ورک کے ذرائع سے 'وائس آف امریکہ' کو معلوم ہوا ہے کہ ”ہم فلمز“ پاکستان میں ”دل والے“ کی ڈسٹری بیوٹر ہے اور اسی لیے شاہ رخ خان اور کاجول نے اپنی فلم کی پروموشن کے لیے ’ہم نیٹ ورک‘ کے مارننگ شوز کا انتخاب کیا۔

فلم ”دل والے“ 18دسمبر کو بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی ریلیز کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG