رسائی کے لنکس

شیخ رشید پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج


شیخ رشید کو طبی امداد دی جارہی ہے
شیخ رشید کو طبی امداد دی جارہی ہے

پولیس نے سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد پر راولپنڈی میں پیر کی شام ہونے والے قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس واقعہ کی وفاقی اور صوبائی حکومت نے شدید مذمت کر تے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے رکھا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے منگل کو صحافیوں سے بات چیت میں شیخ رشید احمد پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے تاہم اُن کا کہنا تھا کہ اگراس سلسلے میں جہاں بھی وفاقی حکومت کی مدد ضرورت ہوئی وہ مہیا کی جائے گی۔

سابق وفاقی وزیر پر فائرنگ میں ہلاک ہونے والے افراد کی نماز جنازہ منگل کو ادا کی جارہی ہے۔ شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے اس سے قبل وائس آف امریکہ کو بتایا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران نامعلوم حملہ آوروں نے پیر کی شامل خیابان سرسید کے علاقے میں شیخ رشید پر اُس وقت فائرنگ کر دی جب وہ گاڑی میں سوار ہو رہے تھے۔ راشد شفیق کے مطابق حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں شیخ رشید کے دو محافظ بھی شامل تھے۔

شیخ رشید کو فور ی طور پر زخمی حالت میں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ سابق وفاقی وزیر گولی لگنے سے زخمی نہیں ہوئے بلکہ حملے کے دوران گاڑی سے گرنے کے باعث اُنھیں چوٹ آئی ۔

شیخ رشید پر اس حملے کے بعد اُن کے حامیوں نے شہر میں احتجاجی مظاہر ے کیے تھے اور بعض علاقوں میں ٹائر جلا کر سٹرکوں پر ٹریفک بھی عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے اس واقعہ کے کچھ دیر بعد صحافیوں سے بات چیت میں اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ پر ہی اُن کی حکومت اس حلقے میں انتخابات نہ کروانے کے حق میں ہیں۔

راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 55 میں رواں ماہ کی 24 تاریخ کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں شیخ رشید ایک اہم اُمیدوار ہیں اور اُن کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے شکیل اعوان کے علاوہ کئی دیگر اُمیدوار بھی میدان میں ہیں۔ خیال رہے کہ اس حلقے سے مسلم لیگ کے ایک اُمیدوار حاجی پرویز کے استعفی کے بعد شیخ رشید نے اس علاقے میں انتخابات کروانے کے لیے عدالت سے بھی رجوع کیا لیکن لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کی اُس درخواست پر یہاں ضمنی انتخابات کا حکم نہیں دیا کہ امن وامان کی صورت حال ایسی نہیں ہے کہ انتخابات کروائے جا سکیں، تاہم شیخ رشید نے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس نے گذشتہ ماہ حکومت اور الیکشن کمیشن کو ہدایت دی این اے 55 میں انتخابات کروائے جائیں۔ واضح رہے کہ بظاہر مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار اور مسلم لیگ عوامی کے سربراہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

راولپنڈی سابق وفاقی وزیر پر فائرنگ کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا جب اس سے ایک روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی کشمیر کی ایک نشست پر ہونے والے انتخابات کے دوران ایک پولنگ سٹیشن پرفریقین کے درمیان ہونے والی فائرنگ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جس کا تعلق پیپلز پارٹی بتایا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG