رسائی کے لنکس

'درج' کی نمائش پر پابندی، وجوہات سے لاعلم ہوں: شمعون عباسی


پاکستانی فلم اور ٹی وی اداکار و فلم سازشمعون عباسی کی 18 اکتوبر کو ملک بھر میں ریلیز ہونے والی فلم درج پر فیڈرل سنسر بورڈ نے پابندی عائد کردی ہے۔

شمعون عباسی کا کہنا ہے کہ سندھ اور پنجاب سنسر بورڈ سے منظوری کے بعد فیڈرل کی جانب سے اچانک پابندی ان کی سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ انہیں پابندی کی وجوہات کا بھی علم نہیں۔

شمعون عباسی نے اتوار کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ فلم پر عائد پابندی ہٹانے کی درخواست پیر کو جمع کرا دی جائے گی۔ فیڈرل بورڈ کا فیصلہ سر آنکھوں پرمگر ہماری درخواست ہے کہ بورڈ فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے فلم کا دوبارہ جائزہ لے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پھر بھی سنسر بورڈ کو فلم میں کوئی نامناسب چیز نظر آئے تو ہم اسے نکالنے کے لئے تیار ہیں۔

شمعون عباسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ شروع میں سنسر بورڈ کے حوالے سے ڈسٹری بیوٹرز نے اطلاع دی تھی کہ سنسر بورڈ کی جانب سے فلم سے صرف دو جملے نکالنے کا کہا گیا ہے باقی سب ٹھیک ہے۔ ہم نے اس پر اطمینان کا سانس لیا اور فلم کی بیرون ملک نمائش کے انتظامات میں لگے رہے لیکن اب جبکہ فلم کی ریلیز کی تاریخیں قریب ہیں فیڈرل سنسر بورڈ نے اس پر پابندی لگا دی ہے۔

شمعون عباسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیڈرل سنسر بورڈ کی جانب سے فلم پر پابندی کے ساتھ ساتھ انہیں اور بھی بہت سی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ فلم کے ٹریلرکی نمائش بھی رکوائی جارہی ہے۔ حیدرآباد میں فلم کے پوسٹرز تک پھاڈ دیئے گئے جبکہ پنجاب میں فون پرڈسٹری بیوٹرزکو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ فون پر کہا جارہا ہے فلم سنسر ہوبھی گئی تو اسے چلنے نہیں دیا جائےگا۔

ان کا کہنا تھا فی الحال وہ یہ نہیں جانتے کے ایسا کیوں ہورہا ہے اور اس کے پیچھے کون لوگ ہیں تاہم نمائش پر پابندی سے ان کے ساتھ ساتھ بہت سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

شمعون عباسی نے فیڈرل سنسر بورڈ سے فلم ’دُرج‘ پر لگائی جانے والی پابندی کو ختم کرنے کی باقاعدہ درخواست جمع کرادی ہے۔

وی او اے سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فلم 11 اکتوبر کوامریکہ، کینیڈا، انگلینڈ، ناروے اور ڈنمارک میں ریلیز ہورہی ہے اوروہاں کے سنسر بورڈ نے ہمیں 14 اے سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے یعنی فلم 14 سال کی عمر کے بچے بھی دیکھ سکتے ہیں۔ میرا کہنا ہے کہ بیرونی ممالک میں سخت قانونی پابندیوں کے باوجود وہاں اس کی نمائش کی اجازت مل سکتی ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں؟

فلم ’دُرج‘ کا مرکزی کردار شمعون عباسی نے ادا کیا ہے جبکہ وہی ہی فلم کے مصنف اور ہدایات کار ہیں۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں مائرہ خان، شیری شاہ، نعمان جاوید و ساتھی فنکار شامل ہیں۔

فلم کی کہانی کئی ماہ ریسرچ اور محنت کا نتیجہ ہے۔ یوٹیوب اورسوشل میڈیا پرفلم کا ٹریلزدیکھنے والوں کی تعداد خاصی زیادہ نوٹ کی گئی ہے۔ اسے کانز فلم فیسٹیول میں بھی دکھایا جاچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG