رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف 286 رنز کی برتری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

میکولم 11 چھکوں اور21 چوکوں کی مدد سے شاندار ڈبل سینچری مکمل کرنے کے بعد 202 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ نے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 637 رنز بنائے ہیں۔

شارجہ میں نیوزی لینڈ نے ہفتہ کو اپنی پہلی اننگز کے اسکور 249 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ اننگز شروع کی۔

لیتھم اور میکولم نے پر اعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 297 رنز کی شراکت قائم کی۔ میکولم 11 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے شاندار ڈبل سینچری مکمل کرنے کے بعد 202 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

ولیم سن محض آٹھ رنز کے فرق سے اپنی ڈبل سینچری بنانے میں ناکام رہے اور وہ 192 رنز پر راحت علی کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ٹیلر اور اینڈرسن نے بھی اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں۔

پاکستان کی طرف سے راحت علی نے چار، یاسر شاہ نے تین اور محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 637 رنز بنائے تھے۔ مہمان ٹیم کو 286 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔

پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 351 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

محمد حفیظ محض تین رنز کے فرق سے اپنی ڈبل سینچری مکمل نہیں کر پائے تھے اور 197 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کریگ نے اپنے کیرئیر کی بہترین باؤلنگ کی۔ انھوں نے 94 رنز دے کر سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں فتح حاصل کر کے سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر رکھی ہے۔

XS
SM
MD
LG