رسائی کے لنکس

نواز شریف اور پاکستانیوں سے گہری دوستی ہے، شتروگھن سنہا


نواز شریف اور پاکستانیوں سے گہری دوستی ہے، شتروگھن سنہا
نواز شریف اور پاکستانیوں سے گہری دوستی ہے، شتروگھن سنہا

انڈین فلم انڈسٹری کے نامور فنکار اور فلم 'دبنگ' کی ہیروئن سوناکشی سنہا کے والد شتروگھن سنہا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کے رہنما نواز شریف سے ان کی گہری دوستی ہے جبکہ سابق صدر ضیاء الحق کی بیٹی زین ضیاء ان کی بہن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے دورے کے موقع پر لاہور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

شتروگھن سنہا اپنے مخصوص لب ولہجے سے پہچانے جاتے ہیں۔ وہ کئی عشروں تک فلموں میں ہیرو کے طور پر کام کرتے رہے۔ سپر اسٹار امیتابھ بچن جس دور میں اینگری ینگ مین کہلایا کرتے تھے، شتروگھن سنہا اسی دور میں ہیرو کم ولن کے طور پر فلموں میں آیاکرتے تھے۔ وہ ’ کالا پتھر‘، ’ ترشول‘ اور ’ نصیب‘ جیسی کامیاب ترین فلموں میں امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی تین درجن سے زائد فلمیں انہیں فن کی دنیامیں امرکردینے کے لئے کافی ہیں۔

اگر چہ سابق صدر ضیاء الحق کی حکومت کے تمام گ11سال سرد جنگ سے نمٹنے میں صرف ہوئے تاہم انہوں نے بھارت سے کرکٹ ڈپلومیسی بھی برقراررکھی جس کے تحت وہ ایک آدھ مرتبہ پاکستان بھارت کرکٹ میچ دیکھنے بھی وہاں گئے لیکن اس کے باوجود بھارتی فنکاروں کی پاکستان آمد آنے کا سلسلہ اتنا عام نہیں تھا جتنا ان کے بعد عام ہوا۔ تاہم شترو گھن سنہا اس دور میں بھی پاکستان آتے رہے اور ان کی آمد کا سلسلہ اس قدر تواتر سے رہا کہ انہیں بعض حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ صدر ضیاء الحق کی خصوصی دعوت پر بھی انہوں نے پاکستان کے کئی دورے کئے۔

ان دوروں سے وابستہ یادوں کے حوالے سے شتروگھن سنہا کا کہنا ہے کہ ’میں بالی ووڈ کا پہلا فنکار ہوں جو اب سے نہیں 80 کے عشرے سے دونوں ممالک کے درمیان امن و آشتی کا پیغام لے کر پاکستان آتا رہا ہے‘۔

ان کا مزیدکہناہے کہ انہوں نے پاکستان میں بے پناہ دوست بنائے ہیں۔ میاں نواز شریف سے میری گہری دوستی ہے۔ سابق صدر ضیاء الحق کی بیٹی زین میری بہن بنی ہوئی ہے۔ اسی طرح سینکڑوں پاکستانیوں سے دوستی کا رشتہ برقرار ہے۔

شتروگھن سنہا نے اپنی بیٹی اداکارہ سوناکشی سنہاکے حوالے سے کہاکہ وہ کام کی لگن رکھتی ہے، محنتی ہے اور اسی کے بل پر آگے بڑھ رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شتروگھن سنہا نے مزید کہا کہ وہ پاک بھارت مشترکہ فلم سازی کے خواہشمند ہیں۔

XS
SM
MD
LG