رسائی کے لنکس

سیاسی اتحاد کے لیے 'دعائیں'


پاکستان میں شدید گرم موسم میں سیاسی ماحول میں بھی خاصی گرما گرمی دیکھی جا رہی ہے اور ایسے میں حزب مخالف کے ایک راہنما نے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے خلاف نئے سیاسی اتحاد کے لیے "دعائیں بھی مانگنا" شروع کر دی ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا ایک بار پھر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "حکمران قوم کی دولت لوٹنے کے بعد خود کو ہیرو سمجھ رہے ہیں۔"

وزیراعظم نواز شریف کو خاص طور پر پاناما پیپرز میں ان کے بچوں کے غیر ملکی اثاثوں کے انکشافات کے بعد ایسے الزامات اور شدید تنقید کا سامنا ہے اور حالیہ دنوں میں یہ خاندان غیر ملکی اثاثوں کی تفصیلات کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوتا آ رہا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ "'میری دعا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں اکٹھی ہو جائیں تا کہ ان سے چھٹکارا مل جائے۔"

ان کا مزید کہنا تھا کہ "حکمران صرف تھوڑا صبر کر لیں۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا فیصلہ جلد آنے والا ہے۔" ان کے بقول عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انھوں نے "(قومی دولت) لوٹنے والوں کے ساتھ ہونا ہے یا احتساب کرنے والوں کے ساتھ۔"

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی دعا کا ذکر وائس آف امریکہ کے نمائندے نے جب پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے کیا تو انھوں نے اس پر 'آمین' کہا۔

ڈاکٹر طاہر القادري نے وزيراعظم نواز شریف کے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں پیش ہونے کو "ڈرامہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کا "ڈرامہ اس طرح کیا جا رہا ہے کہ بالکل حقیقی لگ رہا ہے۔"

انھوں نے بھی سیاسی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "اگر ظلم اور اندھير نگری کے خلاف لڑنا ہے تو سياسی جماعتوں کے ساتھ عوام کو بھی ايک ہونا پڑے گا۔ اکیلے کسی ایک کی جدوجہد کامیاب نہیں ہو گی کیونکہ یہ ایک پورا ٹولہ ہے جس کو ہٹانے کے لیے سب کو متحد ہونا پڑے گا۔"

حکومت اور حکمران جماعت کے ارکان خود پر لگنے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے آئے ہیں اور ان کا موقف ہے کہ حزب مخالف پروپیگنڈہ کر کے ان معاملات پر سیاست کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG