رسائی کے لنکس

ٹائم میگزین کی 100بااثر افراد کی فہرست; شیری رحمان بھی جگہ بنانے میں کامیاب


پاکستانی سیاست دان شیری رحمان، بھارتی فلم انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان اور گزشتہ سال ارجنٹائن کو ورلڈ چیمپئن بنوانے والے لیونل میسی کو امریکی جریدے ٹائم میگزین نے رواں برس کی بااثر ترین عالمی شخصیات کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی اس فہرست میں ان سو افراد کو جگہ دی گئی ہے جنہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی اپنی فیلڈ میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔ شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان' نے بالی وڈ کو فلاپ فلموں کے شکنجے سے نکالا تو پاکستان کی وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے اپنی انتھک محنت کی وجہ سے اس فہرست میں جگہ بنائی۔

دنیا کی 100 با اثر ترین شخصیات کی فہرست میں رہنماؤں کی کیٹگری میں شیری رحمان کا چھٹا نمبر ہے۔ٹائم میگزین کے مطابق گزشتہ سال کے آخر میں پاکستان میں آنے والے سیلاب کے بعد جس طرح میں شیری رحمان سیلاب زدگان کی آواز بنیں، وہ قابل تعریف ہے۔

اس پیغام میں یہ بھی لکھا تھا کہ شیری رحما ن ہی کی کوششوں کی وجہ سے عالمی برادری پہلی بار قدرتی آفات کا سامنا کرنے والے ممالک کے لیے نقصان اور تباہی فنڈ قائم کرنے پر متفق ہوئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس فہرست میں شیری رحمان کی شمولیت پر اُنہیں مبارک باد دی۔

بلاول بھٹو کی ٹوئٹ کے جواب میں شیری رحمان نے لکھا کہ وہ اپنی پارٹی چیئرمین کی مشکور ہیں جنہوں نے انہیں اور ان جیسی کئی خواتین کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا، اور اس اعزاز کو حاصل کرکے وہ بہت اچھا محسوس کررہی ہیں۔


امریکی جریدے ٹائم میگزین کی اس فہرست میں ہر سال کی طرح اس سال بھی کئی جانے پہچانے نام شامل ہیں ۔ان مشہور شخصیات میں جہاں بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان موجود ہیں وہیں اسٹار فٹ بالر لیونل میسی، ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز ، برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل بھی موجودہیں۔

اس سال جاری ہونے والی فہرست میں چھ کیٹگریاں رکھی گئی ہیں جن میں سے ایک میں صرف آرٹسٹ، دوسری میں آئیکونز، تیسری میں پائنیرز، چوتھی میں لیڈرز، پانچویں میں ٹائٹنز اور چھٹی میں انوویٹرز کو جگہ دی گئی ہے۔

آرٹسٹوں کی فہرست میں سب سے پہلا نمبر 'کریڈ 'فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار مائیکل بی جارڈن نے حاصل کیا۔گزشتہ سال فلم میں ایلویس پریلسی کا کردار نبھانے والے اداکار آسٹن بٹلر، اور 'بیٹ مین 'کی فلم میں پینگوئن کا کردار ادا کرنے والے اداکار کولن فیرل بھی اس کیٹگری میں شامل ہیں۔

ہالی وڈ اداکارہ ڈریو بیری مور، اور سلمیٰ ہائیک پنوکے ساتھ ساتھ 'ایواٹار 'میں مرکزی کردار ادا کرنے والی زوئی سیلڈانیا بھی دنیا کی سو بااثر ترین افراد کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔


فلم سیریز 'نائیوز آؤٹ 'کے ہدایت کار رائن جانسن بھی اپنی کاوشوں کی وجہ سے اسی فہرست کا حصہ ہیں جب کہ شاہ رخ خان کو آئیکونز کی کیٹگری میں رکھا گیا ہے جس میں معروف اداکار پیڈرو پیسکال اور حال ہی میں بہترین معاون اداکار کا آسکر جیتنے والے کے ہوئی کوان شامل ہیں۔

یہی نہیں، اسی کیٹگری میں معروف برطانوی مصنف سلمان رشدی، برطانوی بادشاہ کنگ چارلس اور اداکارہ جینفر کولج بھی شامل ہیں۔

معروف ماڈل بیلا حدید پائنیرز کیٹگری میں شامل ہونے والا سب سے مقبول نام ہے، اس فہرست میں جگہ بنانے پر سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان پر اس اعزاز کے بعد ذمہ داریاں بڑھ جائیں گی۔

اسی کیٹگری میں ان کے ساتھ معروف بھارتی فلم 'آر آر آر' کے ہدایت کار ایس ایس راجامولی بھی شامل ہیں جن کی فلم نے آسکرز سمیت دنیا کے بہترین ایوارڈ فیسٹیول میں میلہ لوٹ لیا۔

جس کیٹگری میں پاکستانی سیاست دان شیری رحمان کو شامل کیا گیا ہے اسی میں امریکی صدر جو بائیڈن بھی موجود ہیں جب کہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کو ٹائٹنر کی کیٹگری میں جگہ ملی ہے۔

ارجنٹائن کو 36 سال بعد ورلڈ کپ جتوانے والے لیونل میسی اور معروف پاپ سنگر بیوسے بھی ٹائٹنز کیٹگری میں حصہ ہیں جس کو اس سال آسکرز میں نامزد ہونے والی اداکارہ اینجلا بیسٹ لیڈ کررہی ہیں۔

فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے فرینچ فٹ بالر کلیان ایمباپے اور ڈزنی پکچرز کے چیف ایگزیکٹیو باب آئیگر انوویٹرز کی کیٹگری میں قابلِ ذکر ہیں۔


مجموعی طور پر سو افراد کی اس فہرست میں اس سال 50 خواتین کو شامل کیا گیا ہے جس میں ایتھلیٹس، صحافیوں اور آرٹسٹوں کے ساتھ ساتھ سیاستدان بھی شامل ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن اس فہرست میں چھٹی بار جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں جب کہ ایلون مسک پانچویں، لیونل میسی تیسری اور بیونسے بھی تیسری بار اس فہرست کا حصہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG