رسائی کے لنکس

ثانیہ مرزا کو پاکستان کا ویزا مل گیا


اس بات کی تصدیق ہونے کے بعد کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہے ہیں بھار ت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ثانیہ مرزا اور ان کے اہل خانہ کو منگل کے روز پاکستان کا ویزا جاری کردیا ہے۔

شعیب ملک (فائل فوٹو)
شعیب ملک (فائل فوٹو)

ایک روز قبل 28سالہ شعیب ملک نے ایک سماجی ویب سائیٹ”ٹوئٹر“ پر ثانیہ مرزا سے شادی کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”انشاء اللہ اپریل میں شادی ہوجائے گی“۔

ادھر بھار ت میں ثانیہ مرزا نے اس خبر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ شادی ان کی زندگی کا سب سے بڑا دن ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ وہ ایک عرصے سے ذرائع ابلاغ کی نظر وں میں رہی ہیں لیکن اپنی زندگی کے اس اہم موقع پر وہ تھوڑے تخلیے کی درخواست کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں غیر واضح وجوہ کی بنا پر شعیب ملک پر ٹیم میں شمولیت پر ایک سال کی پابندی کے علاوہ جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا کے بقول شادی کے بعد شعیب ملک اپنی دلہن کے ساتھ دبئی میں رہائش اختیار کریں گے لیکن یہ دونوں بدستور کھیل کے شعبے میں اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ شعیب ملک اس سے قبل بھی اپنی منگنی اور شادی کی خبروں کے باعث خبروں میں نظر آتے رہے ہیں۔ بھارتی شہر حیدرآباد کی عائشہ صدیقی اور ایک بھارتی اداکارہ سیالی بھگت کے ساتھ بھی ان کا نام میڈیا میں کافی گردش کرتا رہا ہے۔ 23سالہ بھارٹی ٹینس سٹار بھی اس سے قبل اپنے بچپن کے دوست سہراب مرزا سے منگنی ختم کرچکی ہیں۔

سابق پاکستان کرکٹر اور ٹیم کے موجودہ چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے بھی 80ء کی دہائی میں بھارت کی معروف اداکارہ رینا رائے سے شادی کی تھی تاہم یہ بعد ازاں یہ رشتہ ختم ہوگیا۔

XS
SM
MD
LG