رسائی کے لنکس

یروشلم: فلسطینی کی فائرنگ سے تین اسرائیلی ہلاک


فائرنگ کے بعد جائے واقعہ پر اسرائیل کے سکیورٹی اہلکار اور ریسکیو عملہ موجود ہے۔
فائرنگ کے بعد جائے واقعہ پر اسرائیل کے سکیورٹی اہلکار اور ریسکیو عملہ موجود ہے۔

یروشلم کے ایک اسپتال کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے تین اسرائیلی مردوں کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں جن کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔

اسرائیل میں ایک فلسطینی شخص کی فائرنگ سے تین اسرائیلی شہری ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا ہے۔

اسرائیلی پولیس کی ترجمان لوبا سامری کے مطابق واقعہ یروشلم کے نزدیک واقع ہر ادار نامی یہودی بستی کے داخلی دروازے پر منگل کو پیش آیا۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ حملہ آور فلسطینی پچھلے دروازے سے یہودی بستی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جہاں اس وقت بستی میں داخل ہونے کے خواہش مند فلسطینی مزدوروں کی تلاشی لی جارہی تھی۔

ترجمان کے مطابق بستی کے دروازے پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں نے شک ہونے پر حملہ آور کو رکنے کا کہا تو اس نے کپڑوں میں چھپا اسلحہ نکلا کر فائرنگ کردی۔

بعد ازاں حملہ آور بھی موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے مارا گیا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حملہ آور کی عمر 37 سال ہے اور اس کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

یروشلم کے ایک اسپتال کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے تین اسرائیلی مردوں کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں جن کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔

فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک 32 سالہ اسرائیلی مرد بھی اسپتال لایا گیا ہے جس کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

مقبوضہ فلسطینی علاقے میں قائم ہر ادار کی یہودی بستی یروشلم کے مغرب میں مغربی کنارے اور اسرائیل کی سرحد پر واقع ہے اور یہاں متمول یہودی آباد ہیں۔

اسرائیلی حکام کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران فلسطینی حملہ آوروں کے ہاتھوں اسرائیلی شہریوں کے قتل کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے لیے دردِ سر بنی ہوئی ہیں۔

ستمبر 2015ء میں فلسطینی حملہ آوروں کے ایک گروہ نے چاقووں کے وار، فائرنگ اور گاڑی سے کچل کر 48 اسرائیلی شہریوں ، دو امریکی اور ایک برطانوی سیاحوں کو ہلاک کردیا تھا۔

اس واقعے کے بعد سے فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر چاقو سے حملہ کرنے کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔

گزشتہ دو برس کے دوران اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں 255 فلسطینی بھی ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کے بارے میں اسرائیلی حکام کا دعویٰ ہے کہ وہ حملہ آور تھے۔ تاہم ان میں سے کئی افراد مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں مارے گئے۔

XS
SM
MD
LG