رسائی کے لنکس

واشنگٹن ڈی سی: کیپٹل ہِل میں فائرنگ، مشتبہ شخص گرفتار


فائرنگ کے بعد کیپٹل ہِل اور نزدیک ہی واقعے وہائٹ ہاؤس میں موجود عملے کے تمام افراد اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی جسے اب واپس لے لیا گیا ہے۔

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کانگریس کی عمارت میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک خاتون معمولی زخمی ہوئی ہیں جب کہ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پیر کو کیپٹل ہِل کے سیاحوں کے لیے مخصوص حصے میں پیش آیا۔

ڈی سی پولیس کے سربراہ نے جائے واقعہ پر صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک مسلح شخص نے 'کیپٹل ہِل' کے سیاحوں کے لیے مخصوص حصے میں داخل ہونے کے بعد وہاں تعینات ایک پولیس اہلکار پر پستول تان لی تھی جس پر فائرنگ شروع ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے فوراً جوابی کارروائی کرکے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس چیف نے بتایا کہ واقعے میں ایک خاتون کو معمولی زخم آئے ہیں جب کہ مسلح شخص کے پاس موجود ہتھیار پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوا ہے کہ واقعہ دہشت گردی کی واردات نہیں اور نہ ہی ملزم کا تعلق بظاہر کسی شدت پسند گروہ سے ہے۔

فائرنگ کے بعد کیپٹل ہِل اور نزدیک ہی واقعے وہائٹ ہاؤس میں موجود عملے کے تمام افراد اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی جسے لگ بھگ دو گھنٹے بعد واپس لے لیا گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کے مطابق فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے کیپٹل ہِل اور نزدیکی علاقے کا محاصرہ کرلیا تھا جسے تلاشی کے بعد کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔

کیپٹل ہِل میں فائرنگ کا واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکی ارکانِ کانگریس کی اکثریت تعطیلات کے باعث دارالحکومت میں موجود نہیں۔

تاہم موسمِ بہار کے آغاز پر واشنگٹن ڈی سی کے مشہورِ زمانہ چیری کے پھولوں کے کھِلنے کا وقت ہونے کے سبب سیاحوں کی بڑی تعداد اس وقت دارالحکومت میں موجود ہے۔

امریکی کانگریس کی تاریخی عمارت بھی واشنگٹن ڈی سی آنے والے سیاحوں کی دلچسپی کا ایک بڑا مرکز ہے جہاں ہر روز سیکڑوں سیاح آتے ہیں۔

پولیس نے کہا ہے کیپٹل ہِل کی عمارت منگل کو صحافیوں اور عملے کے لیے معمول کے مطابق کھلے گی۔

XS
SM
MD
LG