رسائی کے لنکس

عائشہ صدیقی نے نکاح نامے کی نقول جاری کر دیں


پاکستان کرکٹ سٹار شعیب ملک
پاکستان کرکٹ سٹار شعیب ملک

پاکستان کرکٹ سٹار شعیب ملک کی بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے ہونے والی شادی کے مسئلے پر پیدا شدہ تنازع جمعے کے دِن اُس وقت مزید گہرا ہو گیا جب شعیب کی پہلی بیوی ہونے کی دعویٰ کرنے والی عائشہ صدیقی نے نکاح نامے کی نقل میڈیا کے لیے جاری کر دی۔

بھارت اور پاکستان کے تمام ٹیلی ویژن چینلز نے نکاح نامے کی نقل کو پیش کیا اور عائشہ صدیقی کے اِس دعوے کو بھی پیش کیا کہ شعیب ملک سے اُن کی شادی ہو چکی ہے۔

عائشہ صدیقی نے جو نکاح نامہ جاری کیا ہے اُس میں نہ صرف شعیب ملک کے دستخط ہیں بلکہ دونوں طرف کے چار چار گواہوں کے دستخط موجود ہیں۔

نکاح نامے میں مہر کی رقم 500 روپے درج ہے۔ عائشہ صدیقی اور اُن کے والدین کے مطابق نکاح کے بعد سیالکوٹ پاکستان کے شادی رجسٹر آفس میں درج بھی کرایا گیا۔

اُنھوں نے بتایا کہ پاسپورٹ میں اُن کا نام ماہا صدیقی ہے اور اُس نام سے شعیب ملک سے شادی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ شعیب ملک نے کہا تھا کہ عائشہ سے نہیں بلکہ ماہا صدیقی سے اُن کی شادی ہوئی تھی۔

عائشہ صدیقی نے بتایا کہ شعیب کی جانب سے روانہ کردہ زرِ مہر 500روپے اُن کے پاس محفوظ ہے۔ عائشہ صدیقی نے کئی بھارتی اور پاکستانی ٹیلی ویژن چینلز کو انٹرویو دیا اور تمام کو تفصیلات پیش کیں۔

اُنھوں نے کہا کہ اُنھیں شعیب کی ثانیہ سے شادی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ لیکن وہ جانتی ہیں کہ شادی سے قبل شعیب ملک اُنھیں باقاعدہ طلاق دیں، اور یہ کہ وہ سچائی کو منظرِ عام پر لانے اور اپنے حق کے لیے جہدوجہد کر رہی ہیں۔

عائشہ کے والد محمد صدیقی نے شعیب ملک کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے اور فتوے کے حصول کے لیے علما سے بھی رجوع کیا ہے۔

دوسری طرف شعیب کے ایک رشتے دار ظفر ملک نے نکاح نامے کو مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 15اپریل کو شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی حیدرآباد دکن میں شادی ہونے والی ہے۔

XS
SM
MD
LG