رسائی کے لنکس

سندھ کے صوبائی وزیرِ داخلہ طویل رخصت پر چلے گئے


سندھ کے صوبائی وزیرِ داخلہ طویل رخصت پر چلے گئے
سندھ کے صوبائی وزیرِ داخلہ طویل رخصت پر چلے گئے

حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما اور سندھ کے صوبائی وزیرِداخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا طویل رخصت پر چلے گئے ہیں جس کے بعد امورِ داخلہ کی صوبائی وزارت کا قلمدان وزیرِاعلیٰ سندھ نے سنبھال لیا ہے۔

بدھ کے روز کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھا ڈاکٹر ذوالقار مرزا کی طبیعیت ناساز ہے اور وہ علاج کی غرض سے بیرونِ ملک جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مرزا کی علالت کی وجہ سے ان سے وزارتِ داخلہ کا قلمدان بھی واپس لے لیا گیا ہے اور ان کے بقول وزارت کا قلمدان اب وہ خود اپنے پاس رکھیں گے۔

صحافیوں کے استفسار پر وزیرِاعلیٰ نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی رخصت کی مدت بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلیے اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا ممکن نہیں۔

ڈاکٹر ذوالفقار مرزا قومی اسمبلی کی اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے خاوند ہیں اور انہیں پاکستان کے صدر اور حکمران جماعت پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ انہیں گزشتہ برس پی پی پی کا صوبائی نائب صدر بھی مقرر کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر مرزا تنازعات کو جنم دینے والے ایک شعلہ بیان وزیر کے طور پر جانے جاتے تھے جن کے باعث ان کی جماعت کو اپنے اتحادیوں کے سامنے خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ وزارت کے دوران ان کے کئی متنازعہ بیانات سندھ کی سیاست میں وقتاً فوقتاً ہلچل پیدا کرتے رہے۔

ڈاکٹر مرزا کو صدر زرداری سے قربت کے باعث سندھ کی صوبائی کابینہ کا طاقتور ترین وزیر سمجھا جاتا تھا۔ مبصرین کا خیال ہے کہ ڈاکٹر مرزا کی انہی سیاسی قربتوں کی وجہ سے صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں امن و امان کی خراب صورتِ حال کے باعث مختلف عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے ان کے استعفی ٰ اور برطرفی کے مطالبات پر کبھی کان نہیں دھرا گیا۔

واضح رہے کہ سندھ میں حکومت کی اہم اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بھی ماضی میں کئی بار ڈاکٹر مرزا کی وزیرِ داخلہ کے عہدے سے برطرفی کا مطالبہ کیا جاچکا تھا۔

میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے رخصت پر روا نگی سے قبل بدھ کے روز گورنر ہائوس میں گورنر سندھ اور وزیرِاعلیٰ سے الواداعی ملاقات بھی کی۔ تاہم سرکاری ذرائع نے اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔

ڈاکٹر مرزا کی اچانک رخصت پر روانگی کو ملک کے اقتصادی شہ رگ اور سب سے بڑے شہر کراچی میں امن و امان کی مخدوش صورتِ حال اور بھتہ خوری کے خلاف تاجروں کی جانب سے گزشتہ روز کی جانے والی ہڑتال کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے بھی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے شہر سے بھتہ خوری کے خاتمے کیلیے حکومت کو دو دن کی ڈیڈلائن دی تھی۔

اس سے قبل بدھ کے روز سندھ کی صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کے مقدمے کا سامنا کرنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلع تھر سے رکنِ صوبائی اسمبلی شرجیل انعام میمن کو سندھ کا وزیرِاطلاعات مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ شرجیل میمن نے بدھ کے روز گورنر ہائوس میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

XS
SM
MD
LG