رسائی کے لنکس

بشیر قریشی کی گرفتاری کے خلاف اندرون سندھ ہڑتال


بشیر قریشی کی گرفتاری کے خلاف اندرون سندھ ہڑتال
بشیر قریشی کی گرفتاری کے خلاف اندرون سندھ ہڑتال

جئے سندھ قومی محاذ (جسقم) کے قوم پرست رہنما بشیر قریشی کی رینجرز کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف جمعہ کو اندرون سندھ ہڑتال کی گئی ۔ ہڑتال کے دوران حیدر آباد ، جامشورو، سن، مٹیاری ، کوٹری ،ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو غلام حیدر، بلڑی شاہ کریم، سکھر، لاڑکانہ، بدین، ٹنڈو باگو، تلہار، ماتلی، گولاڑچی اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں کارباری مراکز بند رہے۔

اس دوران مختلف شہروں میں ٹریفک بھی سڑکوں سے غائب رہا۔ کئی شہروں میں مشتعل افراد کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں ۔

دوسری جانب بشیر قریشی کو چار روزہ عدالتی ریمانڈ پر جمعہ کو لانڈی جیل بھیج دیا گیا ۔ انہیں آج سخت سیکورٹی گھیرے میں کراچی کی ملیر کورٹ لایا گیا ۔ سماعت کے بعد عدالت کے حکم پر انہیں چار دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا۔

کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے مختصر بات چیت میں بشیر قریشی نے کہا کہ ان کے پاس سے برآمد ہونے والا اسلحہ باقاعدہ لائسنس یافتہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پیپلز پارٹی کی حکومت پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے اسے ناکام قرار دیا۔

بشیر قریشی کی گرفتاری کے خلاف جمعہ کو کراچی کے بھی کچھ علاقے بند رہے۔ ان میں اسٹیل ٹاوٴن ، چکراگوٹھ ، سچل گوٹھ اور ملیر سٹی شامل ہیں۔ یہاں دن بھر کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں۔ حیدر آباد کے علاقوں قاسم آباد اور حسین آباد میں مشتعل افراد نے گرفتاری کے خلاف ٹائر نذر آتش کیے جبکہ نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے پر ہڑتال کے باعث ٹریفک معمول سے کم رہا۔

جامشورو، سن، مٹیاری اور کوٹری میں مکمل شٹرڈاوٴن رہا۔ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر تھا۔یہی صورتحال ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو غلام حیدراور بلڑی شاہ کریم میں بھی رہی۔ ادھر سکھر میں جسقم کے کارکنوں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور بشیر قریشی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ لاڑکانہ میں بھی کم وبیش یہی حالات تھے۔ کاروباری مراکز بند اور ٹریفک سڑکوں سے غائب تھی۔

بدین، ٹنڈو باگو، تلہار، ماتلی، گولاڑچی اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی ہڑتال کا اثر دن بھر نظر آتا رہا ۔ خیرپور کے کئی علاقوں میں مشتعل افراد کی جانب سے کریکر بھی پھنکے گئے جس سے ان علاقوں میں خوف وہراس پھیل گیا ۔

بشیر قریشی کو جمعرات کے دن رینجرز نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا تھا ۔ ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد ہواتھا ۔

XS
SM
MD
LG