رسائی کے لنکس

کیلی فورنیا: عمارت کی بالکونی گرنے سے چھ افراد ہلاک


حادثے کا شکار ہونے والی عمارت
حادثے کا شکار ہونے والی عمارت

آئرلینڈ کی وزیرِ خارجہ چارلی فلینیگن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے پانچ افراد آئرش طلبہ ہیں۔

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں ایک رہائشی عمارت کی بالکونی گرنے سے چھ افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثہ کیلی فورنیا کے شہر برکلے میں پیر کی شب پیش آیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں رات ایک بجے کے قریب 'لائبریری گارڈنز' نامی رہائشی عمارت کی چوتھی منزل کے ایک فلیٹ کی بالکونی گرنے کی اطلاع ملی تھی۔

آئرلینڈ کی وزیرِ خارجہ چارلی فلینیگن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے پانچ افراد آئرش طلبہ ہیں۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد کو شدید زخم اور چوٹیں لگی ہیں اور ان کی حالت خطرے میں ہے۔ اطلاعات ہیں کہ زخمیوں میں سے بھی کئی کا تعلق آئرلینڈ سے ہے۔

جس علاقے میں حادثہ پیش آیا ہے وہ تعلیم کے حصول کے لیے آئرلینڈ سے امریکہ آنے والے طلبہ میں خاصا مقبول ہے اور وہاں آئرش طلبہ کی بڑی تعداد مقیم ہے۔

آئرلینڈ کے وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ چار طلبہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ایک نے اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑا۔

بیان کے مطابق جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت فلیٹ میں آئرش طلبہ اپنے ایک ساتھی کی سالگرہ کا جشن منارہے تھے۔

برکلے پولیس کا کہنا ہے کہ وہ حادثے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے اور عمارت کے مالک سے رابطے میں ہے۔

XS
SM
MD
LG