رسائی کے لنکس

بیجنگ میں دھند اور آلودگی، انتباہ جاری


شدید آلودگی اور دھند کے باعث ٹریفک کو رفتار کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شدید آلودگی اور دھند کے باعث ٹریفک کو رفتار کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس سال پہلی مرتبہ حکام نے اورنج الرٹ جاری کیا ہے اور تین دن تک فضا دھند زدہ اور آلودہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ کے حکام نے آلودگی اور دھند کے باعث پیر کو ’’اورنج الرٹ‘‘ یعنی نارنجی انتباہ جاری کیا جو خطرے کی دوسری بلند ترین سطح ہے۔ پیر کو شاہراہیں بند رہیں اور شہر میں تعمیراتی کام روک دیا گیا جبکہ رہائشیوں کو کہا گیا کہ وہ گھروں کے اندر رہیں۔

یہ الرٹ ایسے وقت جاری کیا گیا جب پیر کو پیرس میں موسمیاتی تبدیلی پر بات چیت کے لیے سربراہ کانفرنس ہو رہی ہے۔

اتوار کو چین کی ماحولیاتی تحفظ کی وزارت نے کہا تھا کہ آلودگی کی وجہ ’’ںاسازگار‘‘ موسم ہے۔ موسم سرما میں شمالی چین میں دھویں کا اخراج بڑھ جاتا ہے کیونکہ شہری علاقوں میں ہیٹنگ سسٹم یعنی حرارتی نظام چلائے جاتے ہیں جبکہ ہوا کی رفتار سست ہونے کے باعث آلودہ ہوا منتشر نہیں ہو پاتی۔

اس سال پہلی مرتبہ حکام نے اورنج الرٹ جاری کیا ہے اور تین دن تک فضا دھند زدہ اور آلودہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مضر صحت ہوا ان چیلنجوں کی نشاندہی کرتی ہے جن سے نمٹنے کے لیے دنیا بھر کے رہنما موسمیاتی تبدیلی پر ایک نیا معاہدہ طے کرنے کے لیے پیر کو پیرس میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔ کوئلے سے چلنے والی بجلی کی صنعت کی آلودگی چینی حکومت کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے اور اپنی معیشت کو صاف کرنے کے بارے میں اس کی صلاحیت پر سوالیہ نشان ہے۔

بیجنگ کے دو کروڑ 25 لاکھ رہائشیوں کے لیے آلودہ ہوا میں سانس لینا بھی مشکل ہے۔

پیر کو بیجنگ کے کچھ حصوں میں فضائی معیار کی انڈیکس 500 تک تجاوز کر گئی جو اس کی بلند ترین سطح ہے۔ سرکاری ہدایات کے مطابق 300 سے بلند سطح پر شہر کے رہائشیوں کو گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

بیجنگ میں فضائی تحفظ کے بیورو نے اتوار کو کہا تھا کہ اس نے شہر بھر میں تعمیراتی کام معطل کر دیا ہے اور فیکٹریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی پیداوار کم کریں۔

وزارت نے کہا کہ شدید آلودگی سے متاثرہ شہروں کی تعداد 23 ہو گئی ہے مگر کہا کہ بدھ کو شروع ہونے والی سردی کی لہر سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔

سرکاری خبررساں ادارے ’زنہوا‘ کے مطابق مشرقی چین کے شینڈونگ صوبے میں ایکسپریس وے کے 200 سے زائد گیٹ آلودگی کے باعث بند کر دیے گئے۔

گزشتہ سال بیجنگ اور آس پاس کے علاقوں میں آلودگی اور دھند کی لہر کے باعث چین نے ’’آلودگی کے خلاف جنگ‘‘ کا اعلان کیا تھا۔

چین نے کوئلے کی کھپت اور صنعتوں سے پیدا ہونے والی آلودگی کو کم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے مگر ماحولیاتی حکام یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ ملک کم از کم 2030 تک فضائی معیار پر پورا اترنے کے قابل نہیں ہو گا۔

XS
SM
MD
LG