رسائی کے لنکس

سگریٹ نوشی یا تنخواہ کے ساتھ چھ دن کی چھٹی


جاپان تمباکو نوشی ترک کرنے کی پالیسیاں بنانے کے حوالے سے ترقی یافتہ ممالک سے کافی پیچھے ہیں اور اس ملک میں سگریٹ نوشی چھوڑے پر معاشرے کی جانب سے بھی کچھ زیادہ دباؤ نہیں ہے۔

جاپان کی ایک کمپنی نے اپنے ان ملازموں کو مزید چھ چھٹیاں دینے کا اعلان کیا ہے جو سگریٹ نہیں پیتے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سگریٹ نہ پینے والوں کے اس وقت کی تلافی کرنا ہے جو ان کے سگریٹ پھونکنے والے ساتھی سال بھر کے دوران دفتری اوقات میں باہر کھڑے ہو کر سگریٹ نوشی میں صرف کرتے ہیں۔

ٹوکیو میں قائم ایک آن لائن مارکیٹنگ کمپنی ’پیالا‘ نے اس پروگرام کا آغاز ستمبر میں اس وقت کیا تھا جب کمپنی کے ایک ملازم نے شکایت کی تھی کہ اسے اس وقت کا معاوضہ نہیں دیا جاتا جو اس کے سگریٹ نوش ساتھی دفتری اوقات میں وقفے وقفے سے باہر جا کر سگریٹ پینے میں گزارتے ہیں۔

کمپنی کے ترجمان ہیروتاکا متسوشیما نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ چونکہ ہمارا دفتر 29 ویں منزل پر ہے ، اس لیے سگریٹ پینے کے خواہش مند کو بیسمنٹ میں قائم سموکنگ روم میں جانے، سگریٹ پینے اور واپس آنے میں کم از کم 10 منٹ لگ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بارے میں غور و خوص کے بعد ہم نے یہ فیصلہ کیا سگریٹ پینے والوں کو سزا دینے کے لیے ہم نے سگریٹ نہ پینے والوں کو کچھ معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ یکم ستمبر سے پروگرام شروع ہونے کے بعد سے سگریٹ پینے والے ہمارے 42 ملازموں میں سے 4 سگریٹ نوشی چھوڑ چکے ہیں۔ ہماری کمپنی میں کل 120 افراد ملازم ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر وہ سال بھر سگریٹ چھوڑنے کے اپنے وعدے پر قائم رہتے ہیں تو انہیں سال کے آخر میں تنخواہ کے ساتھ چھ اضافی چھٹیاں دی جائیں گی۔

جاپان تمباکو نوشی ترک کرنے کی پالیسیاں بنانے کے حوالے سے ترقی یافتہ ممالک سے کافی پیچھے ہیں اور اس ملک میں سگریٹ نوشی چھوڑے پر معاشرے کی جانب سے بھی کچھ زیادہ دباؤ نہیں ہے۔

مغربی ملکوں کے برعکس تمباکو پینے والوں کے لیے جاپانی ریستورانوں میں ایک خاص حصہ مختص ہوتا ہے۔

تاہم کئی جاپانی کمپنیوں نے کام کی جگہوں پر تمباکو نوشی کی ممانعت کر دی ہے اور سگریٹ پینے والوں کے لیے ایک الگ کمرہ مختص کر دیا ہے۔ جس کی وجہ سے سگریٹ پینے والوں کی تعدا رفتہ رفتہ گھٹ رہی ہے۔

جاپان کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اس ملک میں 28 فی صد مرد اور 9 فی صد عورتیں سگریٹ پینے کی لت میں مبتلا ہیں۔

XS
SM
MD
LG